کراچی: کے بی ایکس ٹاور گودی میں ایک مال گاڑی پٹری سے اتر گئی، جس کے باعث ایک رکشہ اور کئی موٹر سائیکلیں تباہ ہو گئیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان ریلوے کی بدنظمی ختم نہ ہو سکی، نئے سی ای او کی ہدایت کے باوجود ڈی ریلمنٹ کے واقعات بدستور جاری ہیں۔
ریلوے ذرایع کا کہنا ہے کہ پٹری سے اترنے والی بوگیوں کی زد میں آ کر رکشہ اور موٹر سائیکلیں تباہ ہو گئیں، اس حادثے میں رکشہ ڈرائیور بھی زخمی ہو گیا۔
ذرایع نے بتایا کہ حادثے والی جگہ سے مسافر ٹرینیں نہیں گزرتیں اس لیے ٹرین آپریشن متاثر ہونے کا خدشہ نہیں ہے۔ مذکورہ مقام پر بینک آنے والے اور دیگر آفسز کے لوگ پٹری کے ساتھ ہی اپنی گاڑیاں پارک کر دیتے ہیں، متاثرہ مقام پر ریلوے کراسنگ بھی ہے۔
ریلوے پھاٹک نہ ہونے سے ایک اور حادثہ، 5 افراد جاں بحق
ریلوے ذرایع کا کہنا ہے کہ امکان ہے رکشے والے نے جلد بازی میں پٹری کراس کرنے کی کوشش کی ہو اور حادثے کا شکار ہو گیا ہو، تاہم حادثے کے فوراً بعد ریلیف ٹرین روانہ کر دی گئی ہے اور جلد بوگیاں پٹری پر لانے کا کام شروع ہو جائے گا۔
یاد رہے کہ مارچ میں سکھر، روہڑی کے قریب پیارو واہ کے مقام پر ریلوے پھاٹک نہ ہونے کی وجہ سے حادثے میں پانچ افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔