کراچی : ٹرانسپورٹر کو اغوا کے بعد جلانے کی واردات میں ملوث مقتول کی بیوی اور آشنا سمیت3ملزمان کو پولیس نے گرفتار کرلیا جبکہ ایک ماہ قبل قتل ہونے والے فٹبالر کے قاتل گرفتار نہ ہوسکے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ دنوں کراچی سے ٹرانسپورٹر کو اغواء کرنے کے بعد جلانے کے معاملہ کا ڈارپ سین ہوگیا، رحیم شاہ کے قتل میں ملوث خاتون سمیت3ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔
اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ رحیم کو کراچی میں اغواء کرکے پہلے قتل کیا گیا اور پھر واردات کو نیا رخ دینے کیلیے ملزمان نے اس کی لاش بلوچستان میں لے جاکر جلائی، ملزمان نے واردات کو چھپانے کے لئے گاڑی کو آگ بھی لگائی۔
ملزمان کو جیو فیسنگ کے ذریعے گرفتار کیا گیا، گرفتار ملزمہ عابدہ نے انکشاف کیا ہے رحیم کو قتل کے بعد گاڑی میں بلوچستان لے گئے تھے۔
علاوہ ازیں کراچی کے علاقے چاکیواڑہ میں گزشتہ ماہ قتل ہونے والے فٹبالر ساجد حسین کے قتل کا ملزم تاحال گرفتار نہیں ہوسکا، مقتول ساجد کی والدہ کا کہنا ہے کہ ملزمان کی جانب سے ہمیں ہراساں کیا جارہا ہے، بیٹے کو گھر میں گھس کر اس کے بچوں کے سامنے قتل کیا گیا، پولیس مرکزی ملزم کی گرفتاری کیلئےکوئی اقدامات نہیں کررہی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ فٹبالر ساجد حسین کو چاکیواڑہ میں گھرمیں گھس کرقتل کیا گیا تھا، قتل کے مقدمے میں ملزم واصف کو نامزد کیا گیا تھا جو تاحال مفرور ہے۔