کراچی : حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات قیمتوں میں اضافہ کے بعد گڈز ٹرانسپورٹرز نے بھی کرایوں میں اضافہ کرنے کا اعلان کردیا۔
حکومت نے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 4روپے7پیسے فی لیٹر جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 4 روپے 4 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا ہے۔
اس سلسلے میں پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس نے پیٹرولیم مصنوعات قیمتوں میں حالیہ اضافہ یکسر مسترد کردیا ہے۔
صدر گڈز ٹرانسپورٹ الائنس ملک شہزاد اعوان نے کہا ہے کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ ناقابلِ قبول ہے ہم اسے یکسر مسترد کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گڈز ٹرانسپورٹ کا 3فیصد کرایہ بڑھانے کا اعلان کرتے ہیں، آئے دن پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ٹرانسپورٹرز میں عدم استحکام پیدا کر رہا ہے۔
ملک شہزاد اعوان کا مزید کہنا تھا کہ ٹرانسپورٹرز مزید نقصانات کے متحمل نہیں ہوسکتے، اس کے علاوہ ٹرانسپورٹر یونینز جلد اہم اور بڑا فیصلہ کرنے جارہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت ہمیں احتجاج کرنے پر مجبور کررہی ہے، دیگر ٹیکسز میں بھی مسلسل اضافہ ہورہا ہے، مشاورت جاری ہے جلد لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق یہاں سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ ٹرانسپورٹرز کے اس فیصلے سے دیہی اور شہری علاقوں کے درمیان سامان کی ترسیل پر کیا اثرات مرتب ہوں گے؟ کرایوں میں اضافے سے مزید کن شعبوں پر براہ راست اثر پڑے گا؟ ٹرانسپورٹ سیکٹر پیٹرولیم قیمتوں میں اضافے کا بوجھ صارفین پر کیوں منتقل کرتا ہے؟
مزید پڑھیں : پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بڑا اضافہ
یاد رہے کہ حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کردیا، جس کا اطلاق یکم اکتوبر سے اگلے 15 روز کے لیے ہوگا، نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ کے بعد پیٹرول کی قیمت میں 4روپے7پیسے فی لیٹراضافے سے نئی قیمت268 روپے 68پیسے ہوگئی۔ جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 4 روپے 4 پیسے فی لیٹر اضافے کے بعد نئی قیمت276روپے81پیسے ہوگئی ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


