کراچی : ملک بھر کی ٹرانسپورٹ تنظیموں نے کراچی حیدرآباد موٹر وے پر ٹول ٹیکس کیخلاف سراپا احتجاج بن گئے۔ ٹول ٹیکس ختم کیا جائے نہیں تو ملک گیر ہڑتال کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر کی ٹرانسپورٹرز کی تنظیمیں ٹول ٹیکس کے خلاف ڈٹ گئیں ہیں، ٹرانسپورٹ تنظیموں نے حکومت کو پندرہ فروری تک کا الٹی میٹم دیدیا ہے۔
کراچی پریس کلب پر مشترکہ کانفرنس میں ٹرانسپورٹرز تنظیموں کا کہنا ہے کہ اگر پندرہ فروری تک کراچی حیدرآباد موٹر وے پر ٹول ٹیکس ختم نہ کیا گیا تو سولہ فروری کی صبح سے سپر ہائی وے جام ہوگا اور ملک بھر میں ہر قسم کے ٹرانسپورٹ کی ہڑتال کی جائے گی۔
ہڑتال کا فیصلہ سپریم کونسل آف ٹرانسپورٹرز کے مشترکہ اجلاس میں کیا گیا، اجلاس میں کیپٹن آصف محمود،یوسف شہوانی، حنیف خان مروت، حاجی امان اللہ نیازی اور دیگر بھی شامل تھے۔
واضح رہے کہ حیدرآباد موٹر وے مکمل نہیں ہوئی، کراچی حیدرآباد موٹر وے کا صرف 75 کلومیٹر کا حصہ تعمیر ہوا ہے اور 61 کلومیٹر موٹر وے کی تعمیر جاری ہے لیکن نامکمل موٹر وے پر گاڑیوں سے بھاری ٹول ٹیکس وصول کیا جارہا ہے۔