چیئرمین کےپی ٹی ریئر ایڈمرل شاہد احمد نے کہا ہے کہ کراچی پورٹ سے ٹرانس شپمنٹ کا آغاز ہو گیا اور عالمی بحری برادری کو مکمل تعاون فراہم کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ کےپی ٹی عالمی شپنگ لائنز کو مؤثر ٹرانس شپمنٹ سہولت دینے کو تیار ہے خطے کی بندرگاہوں کیلئے آنیوالے کارگو کو بروقت اور مؤثر انداز میں منتقل کیا جا سکے گا بحری جہاز ایم وی ٹی ایس ٹاکوما اور ایم وی ٹی ایس سڈنی کراچی پہنچے ہیں۔
بڑی تعداد میں کنٹینرز بطور ٹرانس شپمنٹ کارگو کراچی پورٹ پر اتارے گئے ہیں، کنٹینرز کراچی سے مشرقِ وسطیٰ کی بندرگاہ جبل علی منتقل کئےجائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی پورٹ ٹرسٹ عالمی بحری برادری کو بھرپور تعاون فراہم کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے کراچی پورٹ علاقائی تجارتی روابط کے استحکام میں محفوظ بندرگاہی خدمات کی فراہمی جاری رکھےگا۔
دنیا کی دوسری بڑی کارگو کمپنی میئرسک نے خلیجی ملکوں میں آپریشن معطل کرنے کا اعلان کردیا تاہم عمان کی بندرگاہ ’صلالہ‘ سے فی الحال آپریشنز جاری رہیں گے۔
دنیا کی دوسری بڑی انٹرنیشنل کارگو کمپنی میئرسک نے مشرقِ وسطیٰ کی تیزی سے بگڑتی ہوئی صورتحال کے باعث خلیجی ممالک میں اپنے آپریشنز فوری طور پر معطل کرنے کا بڑا اعلان کر دیا ہے۔
کمپنی کے ترجمان نے کہا کہ متحدہ عرب امارات، سعودی عرب، بحرین، کویت، قطر اور عراق کے لیے کارگو سروسز کو عارضی طور پر روک دیا گیا ہے۔
خاص طور پر سعودی عرب کی اہم بندرگاہوں دمام اور الجبیل کے لیے بھی بکنگ معطل کر دی گئی ہے، جس سے خطے کی تجارتی سرگرمیوں پر گہرے اثرات مرتب ہونے کا خدشہ ہے۔
انجم وہاب اے آر وائی نیوز سے وابستہ ہیں اور تجارت، صنعت و حرفت اور دیگر کاروباری خبریں دیتے ہیں


