(3 نومبر 2025): وہ افراد جو دسمبر میں عرب ممالک کا سفر کرنا چاہتے ہیں وہ عازم سفر ہونے سے قبل یہ اہم خبر سے متعلق جان لیں۔
ماہ دسمبر میں کرسمس، سالانہ اور بچوں کی اسکول کی تعطیلات پر تفریح کے لیے لاکھوں افراد دبئی سمیت دیگر عرب ممالک کا رخ کرتے ہیں۔
جن افراد کا اس سال دسمبر میں مختلف عرب ریاستوں میں جانے کا ارادہ ہے تو وہ یہ جان لیں کہ یو اے ای سے عرب ممالک کے مختلف شہروں کے لیے فضائی ٹکٹوں کی قیمتوں میں دسمبر کے دوران اضافہ متوقع ہے۔
الامارات الیوم کے مطابق فضائی ٹکٹوں میں اکتوبر اور نومبر کے مقابلے میں 50 فیصد تک زیادہ ہو سکتا ہے۔ یہ اضافہ اسکولوں میں موسم سرما، سال نو اور دیگر تعطیلات کے موقع پر مصروف سیزن کے باعث مسافروں کی بڑھتی تعداد کے پیش نظر کیا جا سکتا ہے۔
آن لائن ٹکٹ بکنگ ویب سائٹس سے حاصل کردہ اعداد وشمار کے مطابق دسمبر کے آغاز سے فضائی کرایوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔ قیمتوں میں اضافہ 10 جنوری تک مختلف سطح پر برقرار رہنے کی توقع بھی ظاہر کی جا رہی ہے۔
اب تک جن شہروں کے لیے کرایہ بڑھا ہے۔ ان میں دمشق کے لیے اوسط کرایہ 50 فیصد بڑھ کر 1800 درہم ہو گیا ہے۔ اس کے علاوہ بیروت کے لیے 38 فیصد، عمان کے لیے 33، قاہرہ کیلیے 27 اور اسکندریہ کے لیے 20 فیصد تک اضافہ ریکارڈ کیا جا چکا ہے۔
اس حوالے سے ایک ٹریول گروپ کے چیف ایگزیکٹیو کا کہنا ہے دسمبر کے لیے ٹریول بکنگ کے باعث ٹکٹوں کی قیمتیں اکتوبر سے بڑھنا شروع ہو گئی ہیں جب کہ ایک ٹریول ایجنسی کے جی ایم کا کہنا ہے کہ کرائے میں مزید اضافہ بھی متوقع ہے۔
ایک سیاحتی ایجنسی کے سیلز مینجر کا کہنا تھا فضائی ٹکٹوں کے ساتھ ہوٹلوں کے کرایوں میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔ مسافروں کو چاہئے کہ وہ وقت سے پہلے بکنگ کروا لیں۔ جنوری کے پہلے ہفتے تک یہ صورتحال برقرار رہے گی، اس کے بعد فضائی کرائے میں کمی متوقع ہے۔


