The news is by your side.

Advertisement

کراچی میں تیز رفتار ٹرالر فیکٹری میں جا گھسا، لڑکا جاں بحق

کراچی میں ایک اور تیز رفتار ٹرالر بے قابو ہو کر نجی فیکٹری میں جا گھسا جس کے نیتجے میں ایک لڑکا جاں بحق اور تین افراد زخمی ہوگئے۔

واقعہ لانڈھی قذافی ٹاؤن میں پیش آیا جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی ہے۔ ویڈیو میں تیز رفتار ٹرالر کو سڑک پر آتے اور بے قابو ہو کر حادثے کا شکار ہوتے دیکھا جاسکتا ہے۔

پولیس کے مطابق لانڈھی قذاقی پل کے قریب ٹیکسٹائل مل میں تیز رفتار ٹرالر گھس گیا، ٹرالر ٹیکسٹائل مل کی دیوار سے ٹکرانے سے قبل دیگر گاڑیوں سے بھی ٹکرایا۔

سی سی ٹی وی فوٹیج میں حادثے کے فوری بعد بھگدڑ مچتے اور گردو غبار اٹھتے بھی دیکھا جاسکتا ہے۔ رینجرز کی موبائل حادثے کا شکار ہونے سے بال بال بچی۔ ریسکیو ٹیموں نے جائے وقوعہ سے زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا۔

پولیس کے مطابق حادثے میں ایک 14 سالہ لڑکا جاں بحق اور ملازمین سمیت تین افراد زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، فیکٹری کی دیوار گرنے سے لڑکا جاں بحق ہوا۔

سڑکوں پر حادثات کی وجہ بننے والے دندناتے ڈمپرز اور ٹرالر مالکان اور ڈرائیورز کے خلاف موثر کارروائی نہ ہونے کے باعث ایسے خوفناک حادثات روز کا معمول بن چکے ہیں۔

ایک روز قبل ماری پور روڈ پر تیز رفتار ٹرالر نے موٹر سائیکل سواروں کو کچل ڈالا تھا جس کے نتیجے میں تین افراد جان کی بازی ہار گئے تھے۔ پولیس نے ٹرالر تحویل میں لے کر قانونی کارروائی کا آغاز کیا تھا۔

Comments

یہ بھی پڑھیں