ہفتہ, فروری 14, 2026
اشتہار

یکم فروری سے ڈنمارک اور یورپی ممالک پر 10 فیصد ٹیرف عائد ہوگا، ٹرمپ

اشتہار

حیرت انگیز

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گرین لینڈ کے حصول کے معاملے پر یورپ کے آٹھ ممالک کے خلاف سخت معاشی اقدام کرتے ہوئے ان پر 10 فیصد نیا ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کر دیا۔

صدر ٹرمپ کے مطابق یہ ٹیرف اس وقت تک نافذ رہے گا جب تک گرین لینڈ کی “مکمل اور حتمی خریداری” کے لیے کوئی معاہدہ طے نہیں پا جاتا، صدر ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا کہ ڈنمارک سمیت ناروے، سویڈن، فرانس، جرمنی، برطانیہ، نیدرلینڈز اور فن لینڈ کی جانب سے امریکہ بھیجی جانے والی تمام اشیاء پر یکم فروری 2026 سے 10 فیصد ٹیرف لاگو ہوگا۔

امریکی صدر نے کہا کہ یکم جون 2026 تک معاہدہ نہ ہونے کی صورت میں یہ محصولات بڑھا کر 25 فیصد کر دیے جائیں گے۔

صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ چین اور روس گرین لینڈ پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور ڈنمارک اس خطے کے دفاع کی صلاحیت نہیں رکھتا۔ ان کے مطابق صرف امریکہ، ان کی قیادت میں، اس اسٹریٹجک خطے کے تحفظ کو یقینی بنا سکتا ہے، کیونکہ اس سے نہ صرف امریکی بلکہ عالمی سلامتی وابستہ ہے۔

اپنے تفصیلی بیان میں صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ امریکہ گزشتہ کئی دہائیوں سے یورپی ممالک کو بالواسطہ طور پر سبسڈی دیتا رہا ہے، جبکہ اب وقت آ گیا ہے کہ ڈنمارک اور اس کے اتحادی “عالمی امن” کے تقاضوں کو سمجھیں، انھوں نے یورپی اتحادیوں کی مشترکہ سیکیورٹی مشقوں کو بھی دنیا کی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیا۔

صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ امریکہ فوری طور پر ڈنمارک اور دیگر متاثرہ ممالک کے ساتھ مذاکرات کے لیے تیار ہے، تاہم ان کے بقول عالمی امن اور سلامتی کے تحفظ کے لیے سخت اقدامات ناگزیر ہو چکے ہیں۔

صدر ٹرمپ کا یہ اعلان یورپ اور امریکہ کے درمیان پہلے سے کشیدہ تعلقات میں مزید تناؤ کا باعث بننے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

امریکہ پہلے ہی یورپی یونین کے ساتھ ایک تجارتی فریم ورک معاہدہ رکھتا ہے جس کے تحت محصولات کی حد 15 فیصد مقرر ہے، جبکہ برطانیہ کے ساتھ بھی ایک معاہدہ موجود ہے جس میں درآمدات پر محصولات کی حد 10 فیصد طے کی گئی ہے۔

تاہم فوری طور پر یہ واضح نہیں ہو سکا کہ نئی عائد کی جانے والی محصولات ان معاہدوں کو ختم کر دیں گی یا ان مقررہ شرحوں کے علاوہ لاگو ہوں گی، یورپی یونین امریکہ کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار اور درآمدات کا سب سے بڑا ذریعہ ہے۔

گرین لینڈ پر قبضے کی امریکی خواہش کے پیچھے کس کاسمیٹکس کمپنی کا ہاتھ نکلا؟

+ posts

جہانزیب علی اے آر وائی نیوز امریکا میں بطور بیورو چیف فرائض انجام دے رہے ہیں

اہم ترین

جہانزیب علی
جہانزیب علی
جہانزیب علی اے آر وائی نیوز امریکا میں بطور بیورو چیف فرائض انجام دے رہے ہیں

مزید خبریں