واشنگٹن : مسلمان مخالف ویڈیو ری ٹوئٹ کرنے پر امریکی صدر نے معافی مانگ لی اور کہا کہ ویڈیو شئیر کرنے والے گروپ سے متعلق علم نہیں تھا۔
تٖفصیلات کے مطابق مسلمان مخالف برطانوی نسل پرست گروپ کی ویڈیوز ری ٹوئٹ کرنے پرامریکی صدر نے معافی مانگ لی، برطانوی ٹی وی کو انٹرویو میں صدرڈونلڈٹرمپ کا کہنا تھا کہ ویڈیو ری ٹوئٹ کرنے کے بعد مسائل پیدا ہوئے، مسائل پیدا نہیں کرنا چاہتا، مجھے گروپ کے بارے میں علم نہیں تھا۔
ٹرمپ نے کہا کہ مسلمان مخالف ٹوئیٹ پر جن کی دل آزاری ہوئی ہے اس پر معافی مانگتا ہوں۔
یاد رہے کہ دائیں بازو کی ایک برطانوی تنظیم کی جانب سے مسلمانوں کے بارے میں تین اشتعال انگیز ویڈیوز ٹویٹ کی تھیں، جسے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ری ٹویٹ کیا تھا۔
ویڈیوز ری ٹوئٹ کرنے پر ٹرمپ کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
بریٹن فرسٹ نامی تنظیم کی رہنما جیڈا فرینسن کی جانب پہلی ویڈیو ٹویٹ کی گئی تھی جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ایک مسلمان تارک وطن کو بیساکھیوں کے سہارے چلنے والے شخص پرحملہ کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
جیڈا فرینسن نے مزید دو ویڈیوز جاری کیں جن دکھائے گئے افراد کے بارے میں بھی دعویٰ کیا گیا کہ وہ مسلمان ہیں۔
برطانوی ارکان پارلیمنٹ کا ٹرمپ کا دورہ منسوخ کرنے کا مطالبہ
ٹرمپ کی اس حرکت کوبرطانیہ نے آڑے ہاتھوں لیا تھا اور ارکان پارلیمنٹ نے ٹرمپ کا برطانیہ کا سرکاری دورہ منسوخ کرنے کا مطالبہ کردیا اور کہا تھا کہ صدرٹرمپ کو برطانیہ میں خوش آمدید نہیں کہا جائے گا۔