واشنگٹن (30 نومبر 2025): گیلپ سروے کا کہنا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مقبولیت ریکارڈ کم تر سطح پر آ گئی ہے۔
حالیہ ماہ میں ریکارڈ کیے گئے گیلپ سروے کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مقبولیت میں مزید 5 پوائنٹس کی کمی ہوئی ہے، جو اب گھٹ کر 36 فی صد رہ گئی ہے، یہ ان کی دوسری مدتِ صدارت کی سب سے کم سطح ہے۔
اس کے برعکس، نا منظوری یا ناپسندیدگی کی شرح بڑھ کر 60 فی صد تک پہنچ گئی ہے۔ اس کمی سے پہلے پچھلے 3 ماہ تک صورت حال تقریباً یکساں رہی، جب 40 سے 41 فی صد امریکی ان کی کارکردگی کو منظور کرتے رہے۔
ری پبلکنز اور آزاد (یعنی کسی پارٹی سے وابستہ نہ ہونے والے) ووٹروں، دونوں کی نظر میں ٹرمپ کی ریٹنگ گزشتہ ماہ کے مقابلے میں نمایاں طور پر خراب ہوئی ہے۔ ری پبلکنز کی منظوری کی شرح 7 پوائنٹس کم ہو کر 84 فی صد رہ گئی ہے، جب کہ آزاد ووٹروں کی منظوری 8 پوائنٹس گر کر 25 فیصد پر آ گئی ہے۔
ٹرمپ کی عمر اور جسمانی توانائی پر رپورٹ، امریکی صدر نے اخبار والوں کو پاگل قرار دے دیا
ری پبلکنز کی یہ ریٹنگ ٹرمپ کی دوسری مدتِ صدارت کی کم ترین سطح ہے، جب کہ آزاد ووٹروں میں یہ کمی اُن کی دونوں مدتوں میں سب سے بدترین ہے۔ آزاد ووٹروں میں ٹرمپ کی اس سے پہلے کی کم ترین منظوری 29 فی صد تھی، جو آخری بار جولائی میں ریکارڈ ہوئی تھی۔
رپورٹ کے مطابق ریپبلکنز کے حالیہ الیکشن میں ہار اور شٹ ڈاؤن کے باعث مقبولیت میں کمی آئی ہے، دوسری مدت میں اس سے پہلے کم ترین منظوری جولائی میں 37 فی صد تھی، جو شماریاتی اعتبار سے اس کے قریب ہی ہے، جب کہ ان کی مقبولیت کی مجموعی طور پر سب سے کم سطح 34 فی صد 2021 میں ریکارڈ ہوئی تھی، جب پہلی مدت کے اختتام پر 6 جنوری کے کیپیٹل حملے کے واقعات پیش آئے تھے۔
تاہم صدر ٹرمپ نے ٹرتھ سوشل پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ وہ مڈ ٹرم الیکشن ریکارڈ نمبرز کے ساتھ جیتیں گے، ادویات کی قیمتوں میں 700 فی صد کمی کر دی ہے، ریپبلکنز عوام کو آگاہ کریں، یہ سب سے سستا ہیلتھ کیئر انقلاب ہے جو ہم نے امریکا میں کر دکھایا ہے۔


