واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ہم جنگ جیت گئے ہیں اور اب ہم ایران کے ساتھ مذاکرات کر رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف جاری فوجی آپریشن میں فیصلہ کن کامیابی کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ "فیک نیوز” کچھ بھی کہے، حقیقت یہ ہے کہ ہم جنگ جیت چکے ہیں اور اب ہم ایران کے ساتھ ایک مضبوط پوزیشن میں معاہدہ کرنے جا رہے ہیں۔
صدر ٹرمپ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا امریکا نے صرف تین دن میں ایران کی پوری نیوی، ایئر فورس اور میزائل لانچرز کو تباہ کر دیا ہے، ایران اب فوجی لحاظ سے "مردہ” ہو چکا ہے اور اس کے پاس حملے کی صلاحیت نہیں رہی۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ آپریشن میں ایران کی وہ تمام قیادت ختم کر دی گئی ہے جو مسائل پیدا کرتی تھیم اب تہران کی فضاؤں میں امریکی طیارے بغیر کسی روک ٹوک کے گھوم رہے ہیں۔
صدر ٹرمپ نے انکشاف کیا کہ امریکہ اب ایران میں "درست لوگوں” کے ساتھ مذاکرات کر رہا ہے، مذاکرات کی بنیادی شرط یہ ہے کہ ایران کے پاس نہ ایٹمی ہتھیار ہوں گے اور نہ ہی وہ یورینیم افزودگی کرے گا، مارکو روبیو اور جے ڈی وینس مذاکرات کے اس عمل میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
صدر ٹرمپ نے ایران کے معاملے پر سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور قطر کے رویے اور تعاون کی تعریف کی۔
انہوں نے یہ انکشاف بھی کیا کہ قطر نے "غلطی” سے امریکہ کے 3 طیارے گرا دیے تھے، تاہم پائلٹ محفوظ ہیں اور وہ آج بھی آپریشنز کا حصہ ہیں۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


