روم (25 جنوری 2026): اطالوی وزیر اعظم جارجیا میلونی نے اس امید کا اظہار کیا ہے مستقبل میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو نوبل امن انعام ملے گا۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق اطالوی وزیر اعظم جارجیا میلونی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ امید کرتی ہوں کہ ایک دن ڈونلڈ ٹرمپ کو نوبل امن انعام دیا جائے گا۔
جارجیا میلونی نے اشارہ دیا کہ اگر ڈونلڈ ٹرمپ یوکرین کیلیے منصفانہ اور پائیدار امن قائم کرنے میں کردار ادا کرتے ہیں تو پھر اٹلی بھی انہیں نوبل امن انعام کیلیے نامزد کر سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ماریہ ماچاڈو نے اپنا ’امن نوبل انعام‘ امریکی صدر ٹرمپ کو دے دیا
انہوں نے گرین لینڈ کے معاملے میں امریکی صدر کے ساتھ مل کر حل تلاش کرنے کی امید کا بھی اظہار کیا۔
ساتھ ہی جارجیا میلونی نے ڈونلڈ ٹرمپ کے افغانستان میں نیٹو ممالک کے تعاون سے متعلق بیان کی مذمت کی اور اسے ناقابلِ قبول قرار دیا۔
پچھلے دنوں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ناروے کے وزیر اعظم کو بھیجے گئے ایک پیغام میں کہا تھا کہ نوبل انعام نہ ملنے کے بعد اب وہ خود کو صرف امن تک محدود رکھنے کا پابند محسوس نہیں کرتے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ چونکہ آپ کے ملک نے 8 سے زائد جنگیں رکوانے پر مجھے نوبل امن انعام نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے اس لیے اب میں خود پر یہ ذمہ داری محسوس نہیں کرتا کہ صرف امن کے بارے میں ہی سوچا جائے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اگرچہ امن اب بھی ترجیح رہے گا لیکن وہ اب اس بارے میں سوچ سکتے ہیں کہ امریکا کیلیے کیا بہتر اور مناسب ہے۔
وزیر اعظم اسٹور نے ایک تحریری بیان میں واضح کیا تھا کہ نوبل امن انعام ناروے کی حکومت نہیں دیتی، میں نے صدر ٹرمپ سمیت سب پر یہ بات واضح کر دی ہے کہ یہ انعام ایک خود مختار نوبل کمیٹی کی جانب سے دیا جاتا ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


