واشنگٹن (17 اپریل 2026): امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز مکمل طور پر کھولنے کے اعلان کے باوجود ناکہ بندی جاری رکھنے کا اعلان کر دیا۔
ایران کی جانب سے آبی گزر گاہ کھولنے کے اعلان کے فوراً بعد ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ پر جاری بیان میں لکھا کہ ایران نے ابھی اعلان کیا ہے کہ آبنائے ایران (ہرمز) مکمل طور پر کھلا ہے اور مکمل آمد و رفت کیلیے تیار ہے۔
امریکی صدر نے آخر میں لکھا: ’ایران کا شکریہ!‘۔
یہ بھی پڑھیں: ایران نے آبنائے ہرمز فوری کھولنے کا اعلان کر دیا
کچھ دیر بعد ایک اور ٹروتھ سوشل پوسٹ میں امریکی صدر نے لکھا کہ آبنائے ہرمز مکمل طور پر کھلی اور جہاز رانی کیلیے تیار ہے، تہران کے خلاف بحری ناکہ بندی مکمل طور پر برقرار رہے گی، یہ تب تک رہے گی جب تک ایران سے معاملات 100 فیصد نہیں ہو جاتے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید لکھا کہ ایران کے ساتھ مذاکراتی عمل بہت تیزی سے آگے بڑھے گا، مذاکرات کے زیادہ تر نکات پہلے ہی طے پا چکے ہیں۔
ایران کا اعلان
قبل ازیں، ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں اعلان کیا کہ آبنائے ہرمز کو کھول دیا گیا ہے۔
عباس عراقچی نے کہا کہ لبنان میں جنگ بندی کے تناظر میں آبنائے ہرمز مکمل کھولی جا رہی ہے، ایران امریکا جنگ بندی معاہدے کی بقیہ مدت تک آبنائے ہرمز مکمل کھول دی گئی۔
ایران کی جانب سے سمندری تجارت کی سہولت کیلیے نئے احکامات جاری کیے گئے ہیں جس کے تحت تجارتی جہازوں کیلیے پہلے سے اعلان کردہ راستوں پر چلنے کی شرط لازمی قرار دی گئی ہے۔
ایران کا کہنا ہے کہ جہازوں کو پورٹس اینڈ میری ٹائم آرگنائزیشن کے مربوط راستوں پر سفر کرنا ہوگا۔
واضح رہے کہ اسٹریٹ آف ہرمز دنیا میں تیل اور گیس کی ترسیل کا اہم ترین راستہ ہے۔ حالیہ کشیدگی کی وجہ سے اس راستے کی بندش نے عالمی سطح پر توانائی کے بحران اور قیمتوں میں اضافے کے خدشات پیدا کر دیے تھے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


