تازہ ترین

جنگی جرائم کے مرتکب امریکی فوجیوں‌ کی سزا معاف، ٹرمپ کا اعلان

واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے قتل اور جنگی جرائم کے الزام میں قید چند سابق امریکی فوجیوں کی سزا کو معاف کردیاہے جس پر ماہرین نے انہیں تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اس اقدام کو قانون کی عملداری کی توہین قرار دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق امریکی فوج کے فرسٹ لیفٹیننٹ کلنٹ لورینس نے 2012 میں افغانستان میں تین غیر مسلح افغان شہریوں پر فائرنگ کا حکم دیا تھا جس کے نتیجے میں دو شہری ہلاک ہو گئے تھے۔

اس جرم میں انہیں 19 سال کی سزا دی گئی تھی جس میں سے وہ 6 سال کی سزا کاٹ چکے تھے تاہم اب ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے صدارتی اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے ان کی سزا ختم کردی ہے۔

وائٹ ہاﺅس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ امریکی عوام نے کلنٹ لورینس کو معاف کرنے کی درخواست کی تھی اور ایک لاکھ 24 ہزار افراد نے ایک پٹیشن پر دستخط کر کے وائٹ ہاﺅس کو بھیجا تھا جبکہ کانگریس کے متعدد اراکین نے بھی انہیں معاف کرنے کی درخواست کی تھی۔

ٹرمپ نے اس کے ساتھ ساتھ امریکی فوج کے اعلی سطح کے سابق رکن اور ویسٹ پوائنٹ کے گریجویٹ میٹ گولسٹین کے لیے بھی معافی کا اعلان کیا۔

گولسٹین پر الزام تھا کہ انہوں نے 2010 میں طالبان کے ایک مبینہ بم ساز کو فائرنگ کر کے قتل کردیا تھا، ان کو معافی دینے کے بعد ٹرمپ نے ایک ٹویٹ کی جس میں انہوں نے لکھا کہ گولسٹین امریکی فوج کے ہیرو تھے جنہیں اپنے ہی ملک کی جانب سے سزائے موت دیے جانے کا اندیشہ تھا۔

امریکی صدر نے اس کے علاوہ 15 سالہ نوکری کے تجربے کے حامل نیوی سیل ایڈورڈ گیلاگر کی عہدے سے تنزلی کے حکم نامے کو بھی واپس لے لیا جن پر الزام تھا کہ انہوں نے عراق میں داعش کے زخمی کم سن شدت پسند کو چاقو کے وار سے قتل کردیا تھا اور اس کے علاوہ ان پر متعدد معصوم شہریوں کے قتل کا بھی الزام تھا۔

ایڈورڈ کیلاگر کو رواں سال متعدد الزامات سے بری کردیا گیا تھا لیکن ان پر یہ الزام برقرار رہا تھا کہ انہوں نے ایک مقتول شدت پسند کی لاش پر کھڑے ہو کر دیگر ساتھیوں کے ہمراہ گروپ فوٹو کھنچوائی تھی۔

ٹرمپ نے معافی حاصل کرنے والے نیوی سیل اور ان کی اہلیہ کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ بہت کچھ سہہ چکے ہیں اور مجھے خوشی ہے کہ میں آپ کی مدد کر سکا۔

گیلاگر نے بھی انسٹاگرام پر اپنی پوسٹ میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ میرے اور میرے اہل خانہ کے پاس صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا شکریہ ادا کرنے کے لیے الفاظ نہیں ہیں۔

دوسری جانب چند ماہرین نے امریکی صدر کے ان فیصلوں کی مخالفت کی جن میں نیوی کے ریٹائرڈ ایڈمرل جیمز اسٹیوریڈس سرفہرست ہیں۔

نیٹو کے سابق کمانڈر پیٹ بٹی گیگ نے کہا کہ جن لوگوں کو ٹرمپ نے معافی دی میں ان میں سے اکثر کا کمانڈر تھا، ان کو معافی دینا فوج کو نیچا دکھانے کے مترادف ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکی صدر کی جانب سے معافیاں نظم و ضبط اور قانون کی عمل داری کی توہین ہے۔

یاد رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ اس سے قبل بھی متعدد امریکی فوجیوں کو معافی دے چکے ہیں جن پر سنگین جنگی جرائم کے ارتکاب کا الزام تھا۔

Comments

- Advertisement -