واشنگٹن(8 فروری 2026): امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سابق امریکی صدر بارک اوباما کی متنازع ویڈیو پوسٹ کرنے پر معافی مانگنے سے انکار کردیا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سابق صدر بارک اوباما اور ان کی اہلیہ مشعل اوباما کے حوالے سے ایک نسل پرستانہ اور متنازع ویڈیو اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ٹروتھ سوشل’ پر شیئر کرنے کے بعد معافی مانگنے سے صاف انکار کر دیا ہے۔
اس ویڈیو میں کمپیوٹر ٹیکنالوجی کے ذریعے بارک اور مشعل اوباما کے چہروں کو بن مانس کے جسموں پر دکھایا گیا تھا۔ شدید عوامی ردعمل اور تنقید کے بعد یہ ویڈیو ٹرمپ کے اکاؤنٹ سے ہٹا دی گئی، لیکن ٹرمپ نے اس پر شرمندگی ظاہر کرنے یا معافی مانگنے سے معذرت کر لی ہے۔
صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے پوری ویڈیو نہیں دیکھی تھی اور ان کا مقصد صرف ویڈیو کے اس حصے کو شیئر کرنا تھا جس میں 2020 کے انتخابات کا ذکر تھا۔ انہوں نے اس غلطی کا ذمہ دار اپنے عملے (اسٹاف) کو ٹھہرایا جن کے بقول انہوں نے ویڈیو کو ٹھیک طرح سے چیک کیے بغیر پوسٹ کر دیا تھا۔
اگرچہ ٹرمپ نے نسل پرستی کی مذمت کی ہے، لیکن مخالفین اور یہاں تک کہ ان کی اپنی جماعت کے کچھ رہنماؤں نے بھی اس عمل کو شرمناک قرار دیتے ہوئے اسے امریکی صدارت کے منصب کے لیے نامناسب قرار دیا ہے۔
وائٹ ہاؤس کی جانب سے پہلے اسے ایک عام بات کہا گیا تھا لیکن بعد میں ویڈیو ہٹا کر اسے ‘اسٹاف کی چوک’ قرار دیا گیا۔
ٹرمپ کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے اوباما کی تضحیک آمیز ویڈیو پوسٹ
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


