واشنگٹن(9 مارچ 2026): امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران میں لڑکیوں کے پرائمری اسکول پر ہونے والے حملے کا ذمہ دار ایران کو ہی قرار دیدیا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ہفتے کے روز جنوبی ایران میں لڑکیوں کے پرائمری اسکول پر ہونے والے اس حملے میں امریکی ملوث ہونے کی تردید کی ہے جس میں 165 سے زائد بچے شہید ہوئے تھے۔ ٹرمپ نے اس ہلاکت خیز واقعے کا ذمہ دار خود ایران کو قرار دیا ہے۔
ایئر فورس ون پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے جب صدر ٹرمپ سے پوچھا گیا کہ کیا 28 فروری کا اسکول پر یہ حملہ امریکا نے کیا تھا؟ تو انہوں نے بغیر کسی ثبوت کے جواب دیا نہیں، جو کچھ میں نے دیکھا ہے اس کی بنیاد پر میری رائے میں یہ ایران نے خود کیا ہے۔
اسرائیل ایران جنگ سے متعلق تمام خبریں یہاں پڑھیں
صدر کے ہمراہ موجود وزیرِ دفاع پیٹ ہیگستھ نے قدرے محتاط لہجہ اختیار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ابھی اس حملے کی تحقیقات کر رہی ہے، تاہم انہوں نے مزید کہا کہ واحد فریق جو شہریوں کو نشانہ بناتا ہے وہ ایران ہے۔ ہیگستھ کے اس بیان کے فوراً بعد ٹرمپ نے دوبارہ زور دے کر کہا یہ ایران نے ہی کیا ہے۔
صدر ٹرمپ کا یہ دوٹوک بیان وائٹ ہاؤس کے گذشتہ موقف سے مختلف ہے۔ بدھ کے روز پریس سیکرٹری کیرولین لیوٹ نے اس حوالے سے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ محکمہ دفاع معاملے کی تحقیقات کر رہا ہے۔
دوسری جانب، سیٹلائٹ تصاویر، ماہرین کے تجزیے اور امریکی و اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری کردہ معلومات یہ اشارہ دیتی ہیں کہ یہ حملہ ممکنہ طور پر ان امریکی فضائی حملوں کا نتیجہ تھا جو پاسدارانِ انقلاب کے قریبی کمپاؤنڈ کو نشانہ بنانے کے لیے کیے گئے تھے۔
ڈیموکریٹک قانون سازوں نے اس حملے کی شدید مذمت کی ہے، جسے جنگ کے آغاز سے اب تک شہریوں کی ہلاکت کا سب سے بڑا واقعہ قرار دیا جا رہا ہے۔ الینوائے سے تعلق رکھنے والی رکنِ پارلیمنٹ ڈیلیا رامیرز نے سوشل میڈیا پر کہا کہ امریکا کے ایران پر غیر قانونی حملے کی وجہ سے 100 سے زائد معصوم اسکولی بچے مارے جا چکے ہیں۔
دوسری جانب ایرانی قیادت نے میناب میں لڑکیوں کے اسکول پر اس حملے کا ذمہ دار امریکا اور اسرائیل کو ٹھہرایا ہے۔ ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ اسکول پر یہ حملہ ہماری قوم کے تاریخی حافظے سے کبھی مٹ نہیں سکے گا۔
جبکہ وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے اسے ایک ‘جرم’ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کا جواب دیا جائے گا۔ ایرانی سفارت کاروں نے اقوامِ متحدہ میں بھی یہ معاملہ اٹھایا ہے اور بین الاقوامی سطح پر اس کی مذمت اور تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
ایران کے مناب اسکول پر اسرائیلی حملہ، شہادتوں کی تعداد 180 ہو گئی
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


