تازہ ترین

ٹرمپ کی ڈائریکٹر سی آئی اے اور کم جونگ ان کی ملاقات کی تصدیق

واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ڈائریکٹر سی آئی اے اور شمالی کوریا کے رہنما کی ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ سی آئی اے کے ڈائریکٹر اور کم جونگ ان کے ملاقات خوشگوار رہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کیا، ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ڈائریکٹر سی آئی اے اور کم جونگ ان کی ملاقات گزشتہ ہفتے ہوئی ہے، ڈی نیوکلیئرائزیشن شمالی کوریا سمیت پوری دنیا کے لیے فائدہ مند ہے۔

اس سے قبل امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے سی آئی اے کے ڈائریکٹر مائیک پومپیو کی شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان سے خفیہ ملاقات کا انکشاف کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ خفیہ ملاقات کا صرف دو لوگوں کو معلوم تھا۔

مزید پڑھیں: سی آئی اے ڈائریکٹر کی شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ سے خفیہ ملاقات کا انکشاف

امریکی اخبار کی رپورٹ کے مطابق مائیک پومپیو اور شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان کی ملاقات کا مقصد امریکی صدر ٹرمپ اور کم جونگ ان کی ملاقات کی تفصیلات طے کرنا تھا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ ماہ شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان کی جانب سے ملاقات کی پیش کش قبول کی تھی، دونوں رہنما آئندہ ماہ مئی میں ملاقات کریں گے۔

واضح رہے کہ شمالی کوریا اور امریکا کے تعلقات طویل عرصے سے تناؤ کا شکار رہے ہیں، 2000ء کے بعد امریکا اور شمالی کوریا میں یہ پہلا براہ راست اعلیٰ سطح کا رابطہ ہے۔

خیال رہے کہ شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان نے سال نو پر امریکا کو دھمکی دیتے ہوئے کہا تھا کہ امریکا شمالی کوریا کے جوہری ہتھیاروں کے نشانے پر ہے۔


خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

Comments

- Advertisement -