واشنگٹن(20 ستمبر 2025): امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ شی جن پنگ سے ٹِک ٹاک معاہدے کی منظوری پر اتفاق ہوگیا ہے۔
دی گارڈین کے مطابق اوول آفس میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ٹِک ٹاک ڈیل تکمیل کے قریب ہے، اب ٹِک ٹاک کا کنٹرول امریکی سرمایہ کاروں کے پاس ہوگا۔
امریکی صدر نے کہا کہ ٹِک ٹاک ڈیل منظور کرنے پر چینی صدر کا شکریہ ادا کرتا ہوں، چینی صدر سے کئی موضوعات پر اچھی گفتگو ہوئی، چین سے روس یوکرین جنگ اور غزہ پر بات چیت جاری ہے۔
لیکن ٹرمپ نے اس معاہدے کے بارے میں یا اس پر دستخط کب ہوں گے کے بارے میں کوئی تفصیلات پیش نہیں کیں۔
امریکا اور چینی رہنماؤں نے گزشتہ روز ایک فون کال کے ذریعے رابطہ کیا تھا، جو جون کے بعد دونوں کے درمیان پہلا براہ راست رابطہ تھا، چین اور امریکا کے درمیان تجارت مذاکرات اور ٹک ٹاک کے مستقبل کے حوالے سے کشیدگی جاری ہے۔
ٹرمپ نے اس ہفتے کے شروع میں کہا تھا کہ واشنگٹن اور بیجنگ نے ٹک ٹاک کے حوالے سے ایک معاہدے پر اتفاق کیا ہے، جس کے تحت ٹک ٹاک کو امریکی کنٹرول میں منتقل کیا جائے گا، لیکن اس فریم ورک کی تفصیلات محدود ہیں اور رپورٹس کے مطابق کچھ عناصر پر ابھی بات چیت ہونی باقی ہے۔
رپورٹ کے مطابق امریکی سافٹ ویئر کمپنی اور ایکل سمیت سرمایہ کار ٹک ٹاک کے امریکی آپریشنز میں بڑا حصہ لینے کے لیے مذاکرات کر رہے ہیں، جس سے چین کی ملکیت کا حصہ کم ہوگا تاکہ گزشتہ سال کانگریس کے منظور کردہ قانون کی تعمیل کی جا سکے۔
امریکی اور چینی صدر کا رابطہ، ٹک ٹاک اور تجارتی ایجنڈا سرفہرست
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


