پیر, جولائی 20, 2026
اشتہار

اگر ظہران ممدانی نیویارک کے میئر منتخب ہوئے تو وفاقی فنڈ نہیں دوں گا، ٹرمپ کی دھمکی

اشتہار

حیرت انگیز

واشنگٹن : امریکی صدرٹرمپ نے دھمکی دی ہے کہ اگر ‘کمیونسٹ’ ظہران ممدانی نیویارک کے میئر منتخب ہوئے تو وفاقی فنڈ نہیں دوں گا۔

تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا ہے کہ اگر ڈیموکریٹ مسلم امیدوار ظہران ممدانی نیویارک کے میئر منتخب ہوئے تو وفاقی فنڈز روک دیے جائیں گے۔

ٹرمپ نے اپنی سوشل میڈیا ایپ ٹروتھ سوشل پر لکھا کہ ’’اگر نیویارک کو کوئی کمیونسٹ چلائے گا تو وہاں فنڈ بھیجنا پیسوں کا ضیاع ہوگا۔‘‘

ان کا کہنا تھا کہ ’’سابق میئر بل ڈی بلاسیو ناکام رہا، مگر اس سے بھی زیادہ خراب کارکردگی دکھائے گا۔‘‘

صدر ٹرمپ نے ریپبلکن امیدوار کرٹس سلوا کی بجائے آزاد امیدوار اور سابق گورنر اینڈریو کومو کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ’’اگر انتخاب ایک برے ڈیموکریٹ اور ایک کمیونسٹ کے درمیان ہے تو میں ہمیشہ برے ڈیموکریٹ کو ترجیح دوں گا۔‘‘

خیال رہے امریکا کے سب سے بڑے شہر نیویارک کے میئر کا انتخاب آج ہو رہا ہے، ڈیموکریٹ مسلمان امیدوار ظہران ممدانی انتخابی سروے میں سب سے آگے ہیں۔۔ ظہران ممدانی کا آزاد امیدوار اینڈریو کومو اور ریپبلکن کرٹس سلوا سے مقابلہ ہے۔

انتخابی سروے کے مطابق ڈیموکریٹ امیدوار ظہران ممدانی 45.8 فیصد حمایت کے ساتھ سب سے آگے ہیں، انہیں آزاد امیدوار اینڈریو کومو پر 14.7 اور ریپبلکن کرٹس سلوا پر 28.5 پوائنٹس کی برتری حاصل ہے۔

نیویارک سٹی الیکشن بورڈ کے مطابق 25 اکتوبر سے 2 نومبر تک جاری قبل از وقت ووٹنگ میں 7 لاکھ 34 ہزار سے زائد افراد نے ووٹ ڈالے، جو 2021 کے میئر الیکشن کے مقابلے میں چار گنا زیادہ ہیں۔

ذرائع کے مطابق تقریباً 50 لاکھ رجسٹرڈ ووٹرز آج اپنے اگلے میئر کے انتخاب کے لیے ووٹ کاسٹ کریں گے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں