پیر, جولائی 13, 2026
اشتہار

امریکی صدر ٹرمپ کی نائیجیریا کو فوجی کارروائی کی دھمکی

اشتہار

حیرت انگیز

واشنگٹن(2 نومبر 2025): امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نائجیریا میں مذہبی قتل وغارت روکنے کے لیے ممکنہ فوجی کارروائی کی تیاری کا حکم دے دیا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا کہ اگر مغربی افریقی ملک نائیجیریا عیسائیوں کے قتل عام پر قابو پانے میں ناکام رہا تو  پینٹاگون "فوری” فوجی کارروائی کی تیاری کرے گا۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں ٹرمپ نے کہا کہ امریکا نائیجیریا کے لیے تمام امداد اور معاونت فوراً بند کر دے گا، ان کے بقول اگر امریکی افواج بھیجی گئیں تو وہ "مکمل طاقت کے ساتھ جائیں گی تاکہ ان دہشت گردوں کو ختم کیا جا سکے جو یہ خوفناک مظالم کر رہے ہیں۔

ٹرمپ نے نائیجیریا کو "بدنام ملک” قرار دیتے ہوئے خبردار کیا کہ اس کی حکومت کو فوری اقدامات کرنے ہوں گے، اگر ہم نے حملہ کیا تو وہ تیز، سخت اور فیصلہ کن ہوگا، بالکل ویسے ہی جیسے دہشت گرد ہمارے عزیز عیسائیوں پر حملہ کرتے ہیں۔

نائیجیریا کی حکومت نے تاحال امریکی صدر کی دھمکی پر کوئی ردعمل نہیں دیا، جبکہ وائٹ ہاؤس نے بھی ممکنہ فوجی کارروائی کے وقت یا نوعیت پر تبصرہ کرنے سے انکار کیا۔

دوسری جانب، نائیجیریا کے صدر بولا احمد تینوبو نے ٹرمپ کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ نائیجیریا کو مذہبی عدم برداشت والا ملک قرار دینا حقائق کے منافی ہے۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ نائیجیریا میں مذہبی عدم برداشت کی جو تصویر پیش کی جا رہی ہے وہ ہماری قومی حقیقت کی عکاس نہیں، حکومت تمام شہریوں کے مذہبی عقائد کے تحفظ کے لیے مخلصانہ کوششیں کر رہی ہے، جس کی آئینی ضمانت موجود ہے۔

نائیجیریا کی وزارتِ خارجہ نے بھی ایک علیحدہ بیان میں کہا کہ ملک دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھے گا اور امید ظاہر کی کہ امریکا ایک قریبی اتحادی کی حیثیت برقرار رکھے گا۔

بیان میں مزید کہا گیا "نائیجیریا ہر شہری کے دفاع کے لیے پرعزم ہے، چاہے اس کا مذہب، نسل یا عقیدہ کچھ بھی ہو۔ امریکا کی طرح ہم بھی اپنی تنوع کو اپنی سب سے بڑی طاقت سمجھتے ہیں۔”

قابلِ ذکر ہے کہ مغربی افریقہ میں امریکی فوجی موجودگی گزشتہ سال اُس وقت کم ہو گئی تھی جب تقریباً ایک ہزار امریکی فوجی نائجر سے واپس بلائے گئے۔ فی الحال افریقہ میں امریکا کا سب سے بڑا فوجی اڈہ جبوتی میں ہے، جہاں پانچ ہزار سے زائد فوجی تعینات ہیں۔

اہم ترین

جہانزیب علی
جہانزیب علی
جہانزیب علی اے آر وائی نیوز امریکا میں بطور بیورو چیف فرائض انجام دے رہے ہیں

مزید خبریں