واشنگٹن (11 اپریل 2026): امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ملکی میڈیا پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے یہ دعویٰ کیا ہے کہ امریکا نے آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگیں ہٹانے کا عمل شروع کر دیا ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل’ پر لکھا کہ فیک نیوز میڈیا اپنی ساکھ مکمل طور پر کھو چکا ہے، یہ کہتا ہے ایران جنگ جیت رہا ہے، فیک نیوز میڈیا کو ’ٹرمپ ڈرینجمنٹ سنڈروم‘ لاحق ہے۔
امریکی صدر نے لکھا کہ سب جانتے ہیں کہ ایران جنگ بُری طرح ہار رہا ہے، اس کی بحریہ اور فضائیہ ختم ہو چکی ہے جبکہ دفاعی نظام بھی اب موجود نہیں رہا، اس کا ریڈار سسٹم، میزائل اور ڈرون فیکٹریاں بڑی حد تک تباہ ہو چکیں جبکہ ایرانی قیادت اب ان میں موجود نہیں ہے۔
یہ بھی پڑھیں: امریکا کے پاس دنیا کے دو بڑے ملکوں سے زیادہ تیل موجود ہے، ٹرمپ
انہوں نے مزید لکھا کہ ایران کے پاس اب صرف سمندری بارودی سرنگوں کی دھمکی باقی رہ گئی ہے، بارودی سرنگیں بچھانے والی ایران کی تمام 28 کشتیاں سمندر برد ہو چکی ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ دنیا کی خاطر آبنائے ہرمز کو بارودی سرنگوں سے صاف کرنے کا عمل شروع کر رہے ہیں، چین، جاپان، جنوبی کوریا، فرانس اور جرمنی کی خاطر آبی گزر گاہ کو کلیئر کر رہے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ دیگر ممالک میں یہ کام خود کرنے کی ہمت اور عزم موجود نہیں، مختلف ممالک کے خالی بحری جہاز تیل لینے کیلیے امریکا کا رخ کر رہے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


