جمعرات, اگست 13, 2026
اشتہار

کیا ٹرمپ مودی کو بھی اغوا کر لیں گے؟ کانگریس رہنما کا بیان موضوع بحث بن گیا

اشتہار

حیرت انگیز

نئی دہلی (6 جنوری 2026): بھارت میں اپوزیشن جماعت کانگریس کے رہنما کا بیان سوشل میڈیا پر موضوع بحث بن گیا جس میں انہوں نے وینزویلا میں امریکی کارروائی کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی کے اغوا کا خدشہ ظاہر کیا۔

انڈین میڈیا کے مطابق کانگریس رہنما پرتھوی راج چوہان نے پارلیمنٹ میں امریکی فوج کی وینزویلا کی کارروائی اور صدر نکولاس مادورو کے اغوا کا ذکر کیا۔

پرتھوی راج چوہان نے ایسا سوال کیا جسے سوشل میڈیا پر بہت سے لوگوں نے مضحکہ خیزی کی وجہ سے ایک مذاق کے طور پر لیا۔ ان کا سوال تھا کہ کیا بھارت میں بھی ایسا کچھ ہوگا جیسا وینزویلا میں ہوا؟ کیا ڈونلڈ ٹرمپ ہمارے وزیر اعظم نریندر مودی کو بھی اغوا کر لیں گے؟

پرتھوی راج چوہان اپنے طویل سیاسی کیریئر کے دوران مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ اور مرکزی وزیر رہ چکے ہیں۔

انہوں نے بھارت پر امریکا کے بھاری ٹیرف کے معاملے پر وزیر اعظم مودی کے خلاف ملکارجن کھڑگے کی تنقید کو مزید آگے بڑھایا۔

ان کا کہنا تھا کہ 50 فیصد ٹیرف کے ساتھ تجارت کسی صورت ممکن نہیں، درحقیقت یہ بھارت اور امریکا کے درمیان تجارت خاص طور پر برآمدات کو روکنے کے مترادف ہے، چونکہ براہ راست پابندی نہیں لگائی جا سکتی اس لیے تجارت روکنے کیلیے ٹیرف کو ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کیا گیا ہے، نئی دہلی کو اس کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔

کانگریس رہنما کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے لوگ پہلے امریکا کو برآمدات سے جو منافع کماتے تھے وہ اب نہیں ملے گا، ہمیں متبادل منڈیوں کی تلاش کرنی ہوگی اور اس سمت میں کوششیں پہلے ہی شروع ہو چکی ہیں۔

اس کے بعد انہوں نے سوال اٹھایا کہ آگے کیا ہوگا؟ کیا ٹرمپ بھارت کے ساتھ وہی کریں جو انہوں نے وینزویلا کے ساتھ کیا؟

پرتھوی راج چوہان کا یہ تبصرہ ملکارجن کھڑگے کی جانب سے ڈونلڈ ٹرمپ کے ایک بیان کے حوالے سے وزیر اعظم مودی پر تنقید کے ایک دن بعد سامنے آیا۔

امریکی صدر نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ گزشتہ سال جب امریکا نے روس سے تیل خریدنے پر بھارت پر بھاری ٹیرف عائد کیے تھے تو نئی دہلی نے اس کی درآمدات کم کرنے پر آمادگی ظاہر کی تھی، واشنگٹن ماسکو کو یوکرین میں جارح ملک کے طور پر دیکھتا ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں