واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ایران کے اگلے سپریم لیڈر کے انتخاب کے عمل میں مجھے بھی شامل کیا جانا چاہیے۔
تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی نیوز ویب سائٹ ‘ایگزیوس’ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ آیت اللہ خامنہ ای کے بیٹے مجتبیٰ خامنہ ای کو اگلا سپریم لیڈر بنانے کی کوشش محض وقت کا ضیاع ہے، میں اس انتخاب کو قبول نہیں کروں گا۔
انہوں نے زور دیا کہ ” ایران کے اگلے سپریم لیڈر کے انتخاب کے عمل میں مجھے بھی شامل کیا جانا چاہیے، جیسا کہ وینزویلا کے معاملے میں ہوا تھا۔”
صدر ٹرمپ نے ایرانی پاسدارانِ انقلاب (IRGC)، باقاعدہ فوج اور پولیس کو مخاطب کرتے ہوئے ایک بار پھر ہتھیار ڈالنے کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے کہا "ایرانی فوجی ارکان یا تو ہتھیار ڈال دیں یا پھر یقینی موت کا سامنا کرنے کے لیے تیار رہیں۔ اب وقت آگیا ہے کہ ایرانی سفارتکار اپنی موجودہ حکومت کے خلاف بغاوت کر دیں۔”
‘این بی سی نیوز’ سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے ایران میں امریکی زمینی فوج بھیجنے کے امکان کو مسترد کرتے ہوئے اسے ‘وقت کا ضیاع’ قرار دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ایران پہلے ہی اپنی بحریہ اور اہم عسکری اثاثے کھو کر سب کچھ تباہ کروا چکا ہے، امریکا اس لڑائی میں ایران سے کہیں زیادہ سنجیدہ ہے اور ان کا اولین ہدف موجودہ ایرانی نظام کا خاتمہ ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


