واشنگٹن (14 مارچ 2026): امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ بہت سے ممالک آبنائے ہرمز کو کھلا اور محفوظ رکھنے کیلیے جنگی جہاز بھیجیں گے۔
امریکی صدر اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر اس حوالے سے بیان جاری کیا تاہم امریکی صدر نے اس متعلق تفصیلات فراہم نہیں کیں کہ وہ کون سے ممالک ہوں گے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹروتھ سوشل پر لکھا کہ کئی ممالک خاص طور پر وہ جو ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز کو بند کرنے کی کوششوں سے متاثر ہو رہے ہیں امریکا کے ساتھ مل کر اس گزرگاہ کو کھلا اور محفوظ رکھنے کیلیے اپنے جنگی جہاز بھیجیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: ایران نے آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگیں بچھا دیں، روئٹرز
امریکی صدر نے مزید لکھا کہ انہیں امید ہے کہ چین، فرانس، جاپان، جنوبی کوریا، برطانیہ اور دیگر ممالک اس علاقے میں اپنے جہاز بھیجیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس دوران امریکا ایران کی ساحلی پٹی پر شدید بمباری کرے گا اور ایرانی کشتیوں اور جہازوں کو مسلسل نشانہ بنا کر غرق کرتا رہے گا۔
خبر رساں ایجنسی روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق وائٹ ہاؤس کی جانب سے فوری طور پر اس سوال کا کوئی جواب نہیں دیا گیا کہ آیا کسی ملک نے واقعی اپنے جہاز بھیجنے پر اتفاق کیا ہے یا نہیں۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


