کوئٹہ : بلوچستان میں بیس افراد کے قتل کیس میں ملوث ایک اور انسانی اسمگلر پکڑا گیا، گرفتار ملزمان کی تعداد آٹھ ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق تربت میں بیس افراد کے قتل کے مقدمے میں گرفتارملزمان کی نشاندہی پر پولیس نے ایک اور اہم ملزم کو حراست میں لے لیا۔
ملزم سہیل شکیل تحقیقاتی اداروں کی گرفت میں آگیا، ایف آئی اے کے مطابق انسانی اسمگلر سہیل شکیل اٹھارہ نومبر کو تاجبان میں قتل کیے گئے پانچ افراد کا ایجنٹ تھا۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزم نے دوران تفتیش انکشاف کیا ہے کہ وہ بھاری رقم کے عوض نوجوانوں کو جرمنی میں نوکری کا جھانسہ دے کر کوئٹہ میں اپنے بھائی کے پاس بھجواتا تھا۔
ملزم کو گجرات سے گرفتارکیا گیا، وفاقی تحقیقاتی ادارے نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔
واضح رہے کہ تربت میں بیس افراد کی ہلاکت کے بعد ایف آئی اے نے فوری ایکشن لیتے ہوئے انسانی اسمگلروں کیخلاف کارروائیاں تیز کردی ہیں، ملزم طالب سمیت اب تک آٹھ ملزمان کو گرفتا کیا جاچکا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روزایف آئی اے نے گرفتار ملزم وحید کی نشاندہی پر مرکزی ایجنٹ محمد صادق کو گرفتار کیا تھا، سانحہ تربت میں جاں بحق ہونے والے ذوالفقار کو ملزم وحید نے مرکزی ایجنٹ صادق خان کے حوالے کیا تھا۔
یاد رہے کہ پندرہ نومبر2017 بروز بدھ تربت کے علاقے گروک سے علی الصباح پنجاب کے مختلف علاقوں سیالکوٹ، گوجرانوالہ، وزیرآباد، منڈی بہاؤالدین اور گجرات سے تعلق رکھنے والے15افراد کی گولیاں لگیں لاشیں برآمد ہوئی تھیں۔
ترجمان بلوچستان حکومت کے مطابق مذکورہ افراد غیر قانونی طریقے سے سرحد عبور کر کے چین کے راستے یورپ جانا چاہتے تھے جنہیں نامعلوم شرپسندوں نے فائرنگ کر کے قتل کیا۔
مزید پڑھیں : بیس افراد کے قتل میں اہم پیشرفت، مرکزی ایجنٹ گرفتار
مذکورہ افراد کی لاشیں اُن کے آبائی علاقے پہنچائی گئی تھی کہ ا س کے اگلے ہی روز 18 نومبر کو تربت کے علاقے تجابان سے 5 مزید گولیاں لگی لاشیں برآمد ہوئیں۔