جمعرات, مارچ 5, 2026
اشتہار

ترکیہ نے ایران کے لیے جاسوسی کے الزام میں 6 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا

اشتہار

حیرت انگیز

انقرہ(30 جنوری 2026): ترکیے نے ایرانی جاسوسی کا نیٹ ورک توڑتے ہوئے پانچ صوبوں میں چھاپے مار کر 6 ایرانی جاسوسوں کو گرفتار کرلیا۔

روئٹرز کے مطابق یہ کارروائی ترکیہ کی نیشنل انٹیلی جنس آرگنائزیشن ایم آئی ٹی اور پولیس یونٹس نے مشترکہ طور پر کی، گرفتار ہونے والا یہ نیٹ ورک گوورجن کے کوڈ نام سے خفیہ پیغام رسانی کا استعمال کرتا اور کمرشل ڈرون کے کاروبار کی آڑ میں اپنی سرگرمیوں کے لیے فنڈز حاصل کرتا تھا۔

ترک میڈیا کا کہنا ہے گرفتار شدگان پاسداران انقلاب کیلئے جاسوسی کررہے تھے، اور پاسداران انقلاب کے انٹیلی جنس افسروں سے براہِ راست رابطے میں تھے۔ اس گروہ نے ترکیے کی حساس فوجی تنصیبات اور سیکیورٹی معلومات جمع کیں۔

رپورٹ کے مطابق جنوبی ترکیے کے صوبہ آدانا میں واقع انجرلیک ایئربیس کی ریکی کرنا اس گروپ کا ہدف تھا، انجرلیک ائیر بیس نیٹو کا اہم اڈہ ہے۔جو امریکی اور اتحادی افواج کی میزبانی کرتا ہے اور علاقائی سیکیورٹی حکمت عملی کا ایک اہم جزو ہے۔

اس نیٹ ورک کو ایرانی انٹیلی جنس کے افسر چلا رہے تھے، جن کی شناخت نجف رستمی عرف حاجی اور مہدی یکہ دہقان عرف ڈاکٹر کے نام سے ہوئی، رستمی نے مشرقی صوبے وان میں رہائش پذیر علی جان کوچ کو ذمے داری سونپی تھی کہ وہ ایسے افراد کو بھرتی کریں جو آدانا میں انجرلیک بیس کے ارد گرد خفیہ طور پر تصاویر اور وڈیو بنا سکیں۔

رپورٹ کے مطابق انقرہ میں مقیم ایک ایرانی شہری اشکان جلالی نے اپنی کمپنیوں بلاق روبوٹکس اور آریٹے انڈسٹریز کے ذریعے ترکیے سے ترک جمہوریہ شمالی قبرص اور یونانی قبرصی انتظامیہ کو مسلح ڈرونز منتقل کرنے کا منصوبہ بنایا۔

 پولیس نے استنبول میں چھاپوں کے دوران دفاعی صنعت کی کمپنیوں کے مالکان ارہان ارگیلن اور تانیر اوزجان، ٹیکسٹائل کے تاجر جمال بیاز، رمزی بیاز، کوچ اور جلالی کو حراست میں لیا۔

ارگیلن اور اوزجان نے اکتوبر 2025 میں ایران کا سفر کیا اور یونانی قبرص کو ڈرون بھیجنے کے منصوبوں میں کردار ادا کیا۔ رمزی بیاز نےاپنے بیان میں کہا انہیں ایرانی حکومت کے مخالفین کو نشانہ بنانے والے قتل کے منصوبوں میں حصہ لینے کے لیے پیسوں کی پیشکش کی گئی تھی۔

+ posts

اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں