مانیسا(12 اکتوبر 2026): ترکیہ کے صوبہ مانیسا میں ایک دلخراش ٹریفک حادثہ پیش آیا ہے جہاں مسافر بس اور ٹرک کے درمیان ہونے والے ہولناک تصادم کے نتیجے میں 11 افراد جاں بحق اور 27 زخمی ہو گئے ہیں۔
حکام کے مطابق یہ سیاحتی بس بورصہ سے ازمیر کی طرف رواں دواں تھی کہ راستے میں حادثے کا شکار ہو گئی۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی فوراّ امدادی ٹیمیں، پولیس اور ریسکیو اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے، جنہوں نے امدادی کارروائیاں کرتے ہوئے لاشوں اور زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا۔
اس المناک حادثے کے بعد انتظامیہ کی جانب سے واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے تاکہ معلوم ہو سکے کہ یہ تصادم کس غفلت یا تکنیکی خرابی کی وجہ سے پیش آیا۔
ترکی کے وزیر داخلہ مصطفیٰ چیفتچی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور وہ خود صورت حال کی نگرانی کر رہے ہیں۔
حادثے کے بعد لی گئی تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بس سڑک کے کنارے حفاظتی رکاوٹوں پر چڑھی ہوئی ہے۔
ترک میڈیا کے مطابق، تحقیقات کے سلسلے میں بس اور ٹرک دونوں کے ڈرائیوروں کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ ان کی جسمانی حالت کے بارے میں فی الحال کوئی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔


