امریکا کی روس پر نئی پابندیوں کی ترکیہ نے مخالفت کردی ہے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ترک وزیر توانائی کا کہنا ہے کہ ماسکو پر امریکی پابندیوں کے باوجود ترکیہ روس کے ساتھ گیس تجارت جاری رکھے گا۔
ترک وزیر توانائی نے کہا کہ ترکیہ روسی گیس پر امریکی پابندی کی مخالفت کرتا ہے، کسی بھی ایسے فیصلے کے خلاف ہیں جو روس سے گیس کے بہاؤ کو متاثر کرے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے امریکا نے 50 سے زائد روسی مالیاتی اداروں پر پابندیاں عائد کیں، پابندیوں کی فہرست میں روسی گیزپرروم بینک کمپنی بھی شامل تھی۔
رواں ماہ امریکا نے روس کو جنگی سازوسامان فراہم کرنے والی 19 بھارتی کمپنیوں پر پابندیاں عائد کردی تھیں۔
امریکی وزارت خزانہ کا کہنا تھا کہ روس کی جانب سے یوکرین کے خلاف غیر قانونی اور غیر اخلاقی جنگ لڑنے میں مدد فراہم کرنے والوں کے خلاف امریکا اور اس کے اتحادی ایسے اقدامات کرتے رہیں گے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق امریکی پابندیوں کی زد میں 19 بھارتی کمپنیاں اور 2 بھارتی شخصیات آئی ہیں۔
بھارتی میڈیا کا کہنا تھا کہ بھارتی کمپنیاں روس کو الیکٹرانک، کمپیوٹر اور ایوی ایشن سے متعلق آلات فراہم کر رہی تھیں۔
امریکی پابندیوں پر ردعمل دیتے ہوئے بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا تھا کہ ان کمپنیوں نے بھارتی قوانین کی خلاف ورزی نہیں کی، معاملے پر امریکی حکام سے رابطے میں ہیں تاکہ مسئلہ حل کیا جاسکے۔