اسلام آباد: دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ ترکی اور روس کے درمیان دو طرفہ تعلقات کی بحالی خوش آئند ہے، دونوں ممالک کی قیادت کے اس دانش مندانہ اقدام کا خیر مقدم کرتے ہیں۔
دفتر خارجہ سے جاری کردہ بیان کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کے ترکی اور روس دونوں سے دوستانہ تعلقات ہیں اس لیے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی بحالی کا خیر مقدم کرتے ہیں، دونوں ممالک کی قیادت کا یہ فیصلہ دانش مندانہ اقدام ہے،فیصلے سے خطے میں کشیدگی کم کرنے میں مدد ملے گی۔
واضح رہے کہ ترکی کی جانب سے فضائی سرحدی حدود کی خلاف ورزی کے الزام پر روس کا ایک طیارہ مار گرائے جانے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان تعلقات انتہائی کشیدہ تھے تاہم ترکی کی جانب سے معافی مانگنے کے بعد روس نے اسے قبول کرلیا جس کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات میں بحالی آگئی ہے۔