ترک دارالحکومت میں دہشتگرد حملے کی کوشش کو ناکام بنا دیا گیا، دھماکے کی ویڈیو بھی منظر عام پر آگئی، موقع پر موجود لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق انقرہ میں ترک پارلیمنٹ کی عمارت کے قریب دھماکا ہوا جس کے بعد فائرنگ شروع ہوگئی، ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ واقعے میں 2 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
ترکیہ کے وزیر داخلہ کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ وزارت داخلہ کی عمارت کے دروازے پر 2 دہشتگرد ایک گاڑی میں پہنچے تھے۔ ترکیہ کے مقامی وقت کے مطابق صبح ساڑھے 9 بجے وہاں ایک دہشتگرد نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا جس کے باعث 2 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔
موقع پر موجود دوسرے دہشت گرد نے فائرنگ شروع کردی، لیکن پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اسے ہلاک کردیا۔
اطلاعات کے مطابق واقعے کے بعد انقرہ میں سکیورٹی اقدامات بڑھا دیئے گئے ہیں، یہ دھماکا اس وقت ہوا جب ترک پارلیمنٹ کا اجلاس یکم اکتوبر کو مقامی وقت کے مطابق دوپہر 2 بجے شیڈول تھا۔
انقرہ دھماکے کے وقت کی سی سی ٹی وی ویڈیو منظر عام پر آگئی ہے، ویڈیو میں دھماکے کے بعد فضا میں دھویں اور آگ لگنے کے مناظر دیکھے جا سکتے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں، ابھی تک یہ واضح نہیں ہوسکا ہے کہ اس واقعے کے پیچھے کون ملوث ہے۔