انقرہ: ترکیے کے صدر رجب طیب اردوان کا کہنا ہے کہ انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ٹیلی فونک گفتگو میں واضح طور پر آگاہ کردیا ہے کہ وینزویلا کو صدر نکولس مادورو کی معزولی کے بعد عدم استحکام کی طرف نہیں دھکیلا جانا چاہیے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے صدر اردوان کا کہنا تھا کہ ترکیے وینزویلا کے عوام کے ساتھ کھڑا رہے گا اور موجودہ صورتحال میں ان کی حمایت جاری رکھی جائے گی۔
رپورٹس کے مطابق انہوں نے کہا کہ ماضی میں صدر نکولس مادورو اور وینزویلا کے عوام نے ترک قوم کے ساتھ دوستی کا ثبوت دیا ہے۔
صدر اردوان نے خبردار کیا کہ ممالک کی خودمختاری اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی عالمی سطح پر سنگین مسائل کو جنم دے سکتی ہے۔
دوسری جانب گرین لینڈ کے وزیرِاعظم نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے گرین لینڈ کو امریکا میں شامل کرنے سے متعلق بیانات پر سخت ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بس اب بہت ہوچکا۔
انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ الحاق سے متعلق مزید کوئی خیالی بات قابلِ قبول نہیں، اب ہم مزید دباؤ برداشت نہیں کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ان کا ملک مذاکرات کے لیے تیار ہے لیکن مذاکرات مناسب چینل کے ذریعے اور احترام کے ساتھ ہونے چاہئیں۔
میں بے گناہ اور شریف انسان ہوں، صدر وینزویلا
یورپ میں ڈنمارک کے اتحادی ممالک نے بھی واضح کیا ہے کہ اس جزیرے کا مستقبل صرف اور صرف اس کے عوام طے کریں گے۔
وزیراعظم جنزفیرڈرک نیلسن نے کہا کہ گرین لینڈ کا وینزویلا سے موازنہ نہیں کیا جاسکتا، ہم ایک جمہوری معاشرہ ہیں۔


