اشتہار

ترکیہ پر نئی مصیبت، زرخیز زمینوں میں بڑے بڑے گڑھے بننے لگے

اشتہار

حیرت انگیز

قونیہ (24 دسمبر 2025): ترکیہ کی زرخیز زمینوں میں بڑے بڑے گڑھے بننے کا سلسلہ شدت اختیار کر گیا، فصلیں متاثر ہونے سے کسان شدید پریشان ہیں، قونیہ کے کھیتوں میں اب تک 700 گڑھے بن چکے ہیں۔

روئٹرز کے مطابق ترکیہ کے وسطی زرعی خطے میں بارشوں میں کمی اور زیرِ زمین پانی کی سطح گرنے کے باعث سینکڑوں سنکھول (زمین کے اچانک دھنس جانے کے گڑھے) ظاہر ہو چکے ہیں، جس سے کسانوں اور ماحولیاتی ماہرین میں شدید تشویش پائی جاتی ہے، ماہرین اسے موسمیاتی تبدیلی کی ایک تشویش ناک علامت قرار دے رہے ہیں۔

یہ سلسلہ اب قریبی صوبوں کرمان اور آق سرائے تک پھیل رہا ہے، ماہرین کا کہنا ہے کہ ترکیہ کو رواں سال بدترین خشک سالی کا سامنا رہا، پانی کی سطح تیزی سے گرنے سے زمین کھوکلی ہو کر اچانک دھنس جاتی ہے، یہ گڑھے 100 فٹ چوڑے اور ڈیڑھ سے 200 فٹ گہرے ہو سکتے ہیں۔

اچانک زمین دھنسنے سے سڑکیں اور رہائشی عمارتیں بھی خطرے میں ہیں، فروری 2023 کے زلزلے کے بعد بھی اس طرح کے واقعات پیش آئے، جس کی اصل وجہ موسمیاتی تبدیلی ہے۔

لیبیا کے آرمی چیف کا طیارہ کیسے تباہ ہوا؟ آخری لمحات کی ویڈیو سامنے آگئی

قونیہ صوبے کے علاقے کاراپنار میں مکئی، گندم اور چقندر اگانے والی زرعی زمین سنکھولوں سے بھری پڑی ہے، بعض مقامات پر ایک ہی کھیت میں 10 سے زائد سنکھول موجود ہیں۔ پہاڑی علاقوں میں واقع وسیع اور قدیم سنکھول، جو پہلے پانی سے بھرے رہتے تھے، اب زیادہ تر خشک ہو چکے ہیں۔

قونیہ میں سنکھولوں پر تحقیق کرنے والے ٹیکنیکل یونیورسٹی کے ارضیات کے پروفیسر فتللہ عارق کے مطابق قونیہ بیسن میں سنکھول بننے کی رفتار حالیہ برسوں میں تیز ہو گئی ہے اور ان کی مجموعی تعداد اب تقریباً 700 کے قریب پہنچ چکی ہے۔

انھوں نے کہا ’’ان کی تعداد میں اضافے کی بنیادی وجہ موسمیاتی تبدیلی اور خشک سالی ہے، جس نے 2000 کے بعد سے پوری دنیا کو متاثر کیا ہے۔ اس خشک سالی کے نتیجے میں زیرِ زمین پانی کی سطح ہر سال بتدریج کم ہو رہی ہے۔‘‘ ان کے مطابق زیرِ زمین پانی کی سطح میں کمی کی رفتار اب سالانہ 4 سے 5 میٹر تک پہنچ چکی ہے، جب کہ 2000 کی دہائی میں یہ کمی سالانہ صرف آدھا میٹر ہوا کرتی تھی۔ یہ صورت حال ترکی کے ایک بڑے زرعی شعبے کے لیے شدید تشویش کا باعث ہے۔

خشک سالی اور زیرِ زمین پانی کی کمی کے باعث مقامی کسان مزید کنویں کھودنے پر مجبور ہو رہے ہیں، جن میں سے بہت سے بغیر اجازت (غیر قانونی) ہیں، جس سے زیرِ زمین پانی مزید کم ہو رہا ہے اور مسئلہ مزید سنگین ہو جاتا ہے۔ فتللہ عارق نے کہا ’’قونیہ بیسن میں پانی کی طلب بھی غیر معمولی حد تک زیادہ ہے، یہاں تقریباً 120 ہزار غیر قانونی کنویں موجود ہیں، جب کہ اجازت یافتہ کنوؤں کی تعداد لگ بھگ 40 ہزار ہے۔‘‘

اگرچہ اب تک ان نئے سنکھولوں کے باعث کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم ان کی غیر متوقع نوعیت مقامی لوگوں کی جان و مال کے لیے خطرہ بنی ہوئی ہے۔ کاراپنار کے ایک کسان مصطفیٰ شِک کی زرعی زمین میں گزشتہ دو برسوں کے دوران دو سنکھول بن چکے ہیں۔ شِک کے مطابق اگست 2024 میں جب دوسرا سنکھول بنا تو اس وقت اس کا بھائی کھیت میں کچھ ہی فاصلے پر کام کر رہا تھا، اور زمین کے دھنسنے کے دوران ’’انتہائی زور دار اور خوفناک گرج دار آواز‘‘ سنائی دی۔

ماہرینِ ارضیات کی جانب سے شِک کی زمین پر کیے گئے ایک سروے میں مزید دو ایسے مقامات کی نشاندہی ہوئی ہے جہاں مستقبل میں سنکھول بن سکتے ہیں، اگرچہ یہ پیش گوئی ممکن نہیں کہ ایسا کب ہوگا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں