نئی دہلی: سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر نے بھارتی اداکارہ کنگنا رناوت کے متنازع ٹویٹس پر ایکشن لے لیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹویٹر نے بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوت کے کسانوں کے معاملے پر متنازع ٹویٹس ہٹادئیے۔ٹویٹر انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کنگنا رناوت نے قوانین کی خلاف ورزی کی اس لیے ان کے دو ٹویٹس ہٹائے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ کنگنا رناوت نے امریکی گلوکارہ ریانا کے ٹویٹ پر تنقید کی تھی اور انہیں بے وقوف قرار دیا تھا، ٹویٹر انتظامیہ نے اس سے قبل بھی متنازع ٹویٹ کرنے پر کنگنا کا اکاؤنٹ عارضی طور پر بند کردیا تھا۔
مودی سرکار کی جانب سے احتجاجی کسانوں پر ریاستی تشدد کے خلاف عالمی شہرت یافتہ شخصیات بھی بھارتی کسانوں کے ہم آواز ہوگئے ہیں، گزشتہ روز امریکی گلوکارہ ریانا نے کسانوں پر تشدد سے متعلق مضمون کو ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ہم اس بارے میں بات کیوں نہیں کرتے۔
مزید پڑھیں: عالمی شہرت یافتہ شخصیات بھی بھارتی کسانوں کے ہم آواز
امریکی پاپ گلوکارہ ریانا کے بعد سویڈش ماحولیاتی کارکن گریٹا تھنبرگ نے بھارتی کسانوں سے اظہار یک جہتی کیا ہے، انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پوسٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ حکومت کے متنازعہ زراعت کے قوانین کے خلاف احتجاج کرنے والے کسانوں سے اظہار یکجہتی کرتی ہیں اور احتجاجی کسانوں کے ساتھ ہیں۔
یاد رہے کہ بھارتی کسانوں نے احتجاج کا دائرہ کار بڑھاتے ہوئے چھ فروری کو ملک گیر احتجاج کا اعلان کیا ہے، جبکہ مودی سرکار نے دھرنے پر بیٹھے کسانوں کی آواز کو دبانے کیلئے قریبی علاقوں میں انٹرنیٹ سروس معطل کر رکھی ہے۔