کراچی : پولیس نے جعلی دواؤں سے معصوم بچوں کی جانوں سے کھیلنے والے 2 ملزمان گرفتار کرلیا اور بڑی تعدادمیں بچوں کی ویکسین و دیگر دواؤں کے باکس برآمد کر لئے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں تھانہ ماڈل لیاقت آباد نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کی اور کارروائی کے دوران جعلی دواؤں سےمعصوم بچوں کی جانوں سےکھیلنے والے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ایس ایس پی سینٹرل عارف اسلم راؤ نے بتایا کہ ملزمان جعلی،زائد المیعادویکسین ، دوائیاں فروخت کرتےتھے جبکہ نجی اور سرکاری اسپتالوں میں بھی جعلی دوائیاں سپلائی کیا کرتےتھے۔
عارف اسلم راؤ کا کہنا تھا کہ گرفتارملزم علی عارف کی نشاندہی پرگلشن اقبال کے فلیٹ پر چھاپہ مارا گیا ، چھاپے میں ملزمان سے بڑی تعداد میں بچوں کی ویکسین ودیگر دواؤں کے باکس برآمد کرلئے، برآمد ادویات میں ٹائیفائڈ، ٹی بی، ریبیز، اینٹی وائرل ، نزلہ زکام، نمونیا، بچوں کی دیگرتکالیف کی دوائیاں شامل ہیں۔
پولیس نے بتایا کہ ملزمان جعلی دوائیوں پرملٹی نیشنل میڈیسن کمپنی کےاسٹیکر چسپاں کرتےتھے، ڈرگ انسپکٹر کی جانب سے تمام دوائیوں کا معائنہ کیا گیا، ڈرگ انسپکٹر کے مطابق برآمد ویکیسن اور دوئیاں ایکسپائر،جعلی نکلیں۔
ایس ایس پی سینٹرل کے مطابق ملٹی نیشنل کمپنیزکےجعلی اسٹیکر پر کاپی رائٹ ایکٹ کےتحت کارروائی ہوگی، برآمد دوائیوں کے سیمپل ڈرگ انسپکٹر لیبارٹری ٹیسٹ کیلئے اپنے ہمراہ لے گئے ہیں۔