ممبئی: بالی ووڈ اداکاروں دپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ نے اپنی شادی کی تقریبات میں شرکت کے لیے شوبز انڈسٹری کی دو معروف شخصیات کو مدعو کرلیا۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق دپیکا اور رنویر نے مشہور کوریئو گرافر فرح خان اور ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی کو اٹلی میں ہونے والی تقریبات میں شرکت کے لیے مدعو کیا۔
ہدایت کار ساجد خان کی ہمشیرہ 14 اور 15 نومبرکو تقریبات میں شرکت کرنے کے لیے اٹلی پہنچ چکی ہیں انہوں نے دپیکا اور رنویر کے ساتھ اپنی تصویر سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر شیئر کی۔
دوسری جانب رام لیلا سمیت دیگر کامیاب فلمیں بنانے والے ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی آئندہ دو روز میں اٹلی پہنچ جائیں گے۔
مزید پڑھیں: دپیکا اپنی شادی میں کتنی قیمت کا زیور پہنیں گی؟
یاد رہے کہ دپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ کی شادی کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں، دونوں خاندانوں نے تقریبات کا آغاز خصوصی عبادات (پوجا) سے کیا۔
پوجا کی رسم میں دپیکا نے بالوں میں جوڑا باندھا ہوا تھا جبکہ اُن کے کانوں میں جھمکے بھی تھے۔ بالی ووڈ ذرائع کے مطابق اداکارہ نے معروف میک اپ آرٹسٹ کی خدمات حاصل کی تھیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دونوں اداکاروں کے اہل خانہ نے شادی کی تیاریاں مکمل کرلی جبکہ انہوں نے اٹلی میں واقع ’لیک کومو‘ بھی بک کرلیا جہاں دو روز تک تقاریب ہوں گی، اٹلی میں ہونے والی تقاریب کو مختصر رکھنے کا فیصلہ کیا گیا جس میں صرف قریبی رشتے داروں اور دوستوں کی شرکت کی دعوت دی گئی۔
دپیکا اور رنویر کے اہل خانہ نے مشترکہ فیصلہ کیا ہے کہ اٹلی کی تقریبات میں شرکت کرنے والے مہمانوں کے موبائل استعمال کرنے پر پابندی ہوگی، بھارت واپسی پر دونوں اداکاروں کی طرف سے ساتھی فنکاروں اور مداحوں کے لیے علیحدہ علیحدہ تقاریب کا انعقاد کیا جائے گا، دپیکا نے بنگلور جبکہ رنویر نے تقریب کے لیے ممبئی کا انتخاب کیا۔
یہ بھی پڑھیں: دپیکااوررنویرکی شادی کی تقاریب کا آغاز
یاد رہے کہ رواں سال کے آغاز سے ہی دپیکا اور رنویر کی شادی کے حوالے سے قیاس آرائیاں جاری تھی البتہ دونوں نے اس پر خاموشی اختیار کی ہوئی تھی تاہم پدمنی کے اداکاروں نے 21 اکتوبر کو اپنی شادی کی تاریخ کا خود ہی اعلان کرتے ہوئے دعوت نامہ شیئر کیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اداکاروں نے اپنی شادی کی تصدیق کی اور بتایا کہ 14 اور 15 نومبر کو ہم ازدواجی بندھن میں بندھ جائیں گے۔
یہ بھی یاد رہے کہ دپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ 6 برس قبل فلم رام لیلا کے سیٹ پر ایک دوسرے کے قریب آئے اور پھر اُن کی دوستی ہوئی جس کے بعد محبت کے چرچے میڈیا کی زینت بھی بنے مگر کچھ عرصے بعد دونوں کے تعلقات ختم ہونے کی خبریں بھی سامنے آئیں تھیں۔
واضح رہے کہ رنویر سنگھ اور دپیکا پڈوکون نے سنجے لیلا بھنسالی کی 2013 میں ریلیز ہونے والی فلم رام لیلا، باجی راؤ مستانی میں کام کیا تھا بعد ازاں چار سال وقفے کے بعد دونوں ایک بار پھر پدمنی میں ایک ساتھ مرکزی کردار ادا کرتے نظر آئے۔