The news is by your side.

Advertisement

کراچی میں‌ پولیس مقابلہ، 2 ڈاکو ہلاک

کراچی: شہر قائد کے علاقے پاور ہاؤس چورنگی کے قریب ایک مبینہ پولیس مقابلے میں 2 ڈاکو ہلاک ہو گئے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق نارتھ کراچی میں پاور ہاؤس چورنگی کے قریب پولیس مقابلے میں دو ڈاکو مارے گئے جب کہ ان کا ایک ساتھی زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گلشن اقبال پولیس کے اہل کار مدعی کے ساتھ ڈاکوؤں کا تعاقب کر رہے تھے، پاور ہاؤس چورنگی کے قریب پولیس اور ڈاکوؤں میں مقابلہ ہوا، پولیس کے مطابق ملزمان نے ایک پستول راستے میں پھینک دیا تھا، ایک برآمد ہوا۔

پولیس کا کہنا تھا کہ ملزمان نے رب میڈیکل سینٹر کے قریب شہری سے لوٹ مار کی، موٹرسائیکل پٹرولنگ پر موجود اہل کار موقع پر پہنچ گئے، اہل کاروں نے مدعی کو ساتھ لیا اور ملزمان کا تعاقب کیا، ملزمان نے راستے میں کئی مقامات پر پولیس پر فائرنگ کی۔

وہ نوجوان جس سے ڈاکو موبائل فون چھین کر فرار ہو رہے تھے، دوسری طرف پولیس اہل کار گرفتار ڈاکو کو لے جا رہا ہے

واقعے کے بعد ایس ایچ او بلال کالونی اور اے ایس پی نیو کراچی بھی موقع پر پہنچ گئے۔ ایس ایس پی سینٹرل عارف اسلم راؤ کا کہنا تھا کہ پاور ہاؤس چورنگی کے قریب ہونے والے مقابلے کے سلسلے میں مزید تفتیش جاری ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز شہر قائد میں کورنگی پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے بھتہ خوری اور شارٹ ٹرم اغوا میں ملوث سب انسپکٹر رضوان سمیت 2 ملزمان کو گرفتار کیا تھا، سب انسپکٹر پر موٹر سائیکل مکینک کے اغوا اور 5 ہزار روپے بھتہ لینے کا الزام ہے۔

Comments

یہ بھی پڑھیں