The news is by your side.

Advertisement

کراچی میں دکاندار سے 10 لاکھ مانگنے والے 2 بھتہ خور گرفتار

کراچی: شہر قائد کے علاقے سرسید بارہ دری روڈ پر دکاندار سے 10 لاکھ روپے مانگنے والے 2 بھتہ خوروں کو گرفتار کرلیا گیا۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے سرسید بارہ دری روڈ پر مارٹ کے مالک کو گزشتہ روز بھتے کی پرچی دی گئی تھی جس میں 10 لاکھ روپے کا مطالبہ کیا گیا تھا، پولیس نے 2 بھتہ خوروں کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔

ذرائع کے مطابق ملزمان بھتے کی پرچی کاؤنٹر پر دے گئے تھے، پرچی پر لکھا تھا اپنی جان کی سلامتی چاہتے ہو تو کال کرو، تاجر نے فون کیا تو 10 لاکھ روپے بھتہ طلب کیا گیا تھا۔

تاجر کی جانب سے پولیس کو آگاہ کیا گیا، پولیس اہلکار دکان دار بن کر بھتہ دینے گیا اور ملزم کو رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔

پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے ملزمان کے خلاف تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

واضح رہے کہ دو ماہ قبل کراچی کے علاقے کھارادر تھانے کی حدود کھوڑی گارڈن کے تاجر کو بھتے کی پرچی موصول ہوئی تھی، دو لاکھ روپے بھتہ نہ دینے پر تاجر کے بیٹے کو جان سے مارنے کی دھمکی دی گئی تھی۔

صدر آل سٹی تاجر اتحاد حماد پونا والا کا کہنا تھا کہ آل سٹی تاجر اتحاد کے ممبر کو بھتے کی پرچی موصول ہوئی ہے، چند شرپسند عناصر شہر کا امن خراب کرنے کی کوشش کررہے ہیں، ہمیں اپنے قانون نافذ کرنے والے اداروں پر مکمل اعتماد ہے۔

Comments

یہ بھی پڑھیں