کراچی: مسکن چورنگی کے قریب فاسٹ فوڈ دکان میں سلنڈر دھماکے سے پھٹ گیا، جس کے نتیجے میں دو افراد زخمی ہو گئے، پولیس نے دکان کے مالک محمد علی سمیت تین افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے مسکن چورنگی کے قریب فاسٹ فوڈ کی دکان میں سلنڈر دھماکا ہوا، دھماکے سے دو افراد زخمی ہو گئے،زخمیوں میں ایک موٹر سائیکل سوار اور ایک رکشہ ڈرائیور شامل ہیں۔
پولیس کا کہنا تھا کہ ابتدائی اطلاع کے مطابق دکان میں 2 سلنڈر دھماکے ہوئے، سلنڈر دھماکے سے دکان کا سامان باہر سڑک پر آکر بکھرگیا جبکہ کئی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو بھی نقصان پہنچا۔
سلنڈر پھٹنے سے دکان کونقصان پہنچا جبکہ مزید 2سلنڈرکی موجودگی کی اطلاع ہے۔
پولیس نے سلنڈر دھماکے کے واقعے میں دکان کے مالک محمد علی سمیت تین افراد کو گرفتار کر لیا ہے گرفتار افراد میں شاہ ویز نامی شخص اور دکان کا منیجر نعیم شامل ہیں۔
اس سے قبل بھی 2020 میں اسی فلیٹ میں گیس دھماکے کی وجہ سے قیمتی جانیں ضائع ہوئی تھی، فلیٹ کے رہائشیوں کا کہنا ہے کہ متعلقہ حکام کو سلینڈر استعمال کے خلاف درخواست دی تھی
یاد رہے گزشتہ سال نومبر میں کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں ایک رہائشی اپارٹمنٹ میں گیس سلنڈر پھٹنے سے دو خواتین جان کی بازی ہار گئیں تھیں اور بچوں سمیت 13 افراد زخمی ہوئے تھے۔
رہائشی اپارٹمنٹ میں گیس لیکج کے باعث دھماکا ہوا تھااور دھماکے سے ملحقہ مزید تین فلیٹ بھی بری طرح متاثر ہوئے۔