پیر, جون 8, 2026
اشتہار

کراچی کے پوش علاقوں میں انمول پنکی کی کوکین سپلائی کرنے والے 2 کارندوں سے متعلق اہم انکشافات

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : کراچی کے پوش علاقوں میں انمول پنکی کی کوکین سپلائی کرنے والے 2اہم کارندوں سے متعلق تفتیشی رپورٹ میں اہم انکشافات سامنے آئے۔

تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی کی عدالت میں کراچی کے پوش علاقوں، کالجز اور یونیورسٹیوں میں کوکین سپلائی کرنے والے بین الصوبائی گروہ کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی۔

ملزمان کی گرفتاری کو ایک سال سے زائد کا عرصہ گزر جانے کے باوجود ان پر تاحال فردِ جرم عائد نہیں کی جا سکی ہے۔

ایس آئی یو صدر پولیس کی جانب سے جمع کرائی گئی تفتیشی رپورٹ میں اہم انکشافات کیے گئے ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ گرفتار ملزمان فرحان اور عبدالمغنی، "انمول عرف پنکی” نامی خاتون کے لیے کوکین سپلائی کرنے کا کام کرتے تھے۔ یہ گروہ ڈیفنس اور کلفٹن جیسے پوش علاقوں کے لڑکے لڑکیوں سمیت نامور کالجز اور یونیورسٹیز کے طالب علموں کو کوکین فراہم کرتا تھا۔

تفتیشی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملزمان کا تعلق ایک منظم بین الصوبائی منشیات فروش نیٹ ورک سے ہے، جو غیر ملکیوں سے منشیات منگوا کر کراچی کے متمول علاقوں میں سپلائی کرتا تھا۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ ملزم فرحان کا نام ہائی پروفائل ‘مصطفیٰ عامر قتل کیس’ کے ملزم ارمغان کی تحقیقاتی رپورٹ میں بھی سامنے آ چکا ہے، اور وہ پہلے بھی ڈیفنس اور بوٹ بیسن تھانوں میں درج مقدمات میں گرفتار ہو چکا ہے۔

یاد رہے کہ ایس آئی یو پولیس نے 6 مارچ 2025 کو ڈیفنس کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو اس وقت رنگے ہاتھوں گرفتار کیا تھا جب وہ کوکین سپلائی کرنے جا رہے تھے۔ ملزمان کے قبضے سے 45 گرام کوکین اور ڈیجیٹل ترازو برآمد ہوا تھا۔

تاہم، قانونی چارہ جوئی میں تاخیر کے باعث ملزم فرحان 5 جون 2025 کو اور ملزم عبدالمغنی 17 جولائی 2025 کو عدالت سے ضمانت حاصل کرنے میں کامیاب ہو چکے ہیں اور کیس اب بھی فردِ جرم کا منتظر ہے۔

+ posts

اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں