ساہیوال: فوجی عدالت سے سزایافتہ دو دہشت گردوں کو آج جمعرات کی صبح تختہ دارپرلٹکا دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق فوجی عدالت سے سزائے موت پانےوالے عبیداللہ اورسہیل کو ساہیوال جیل میں سخت سیکیورٹی میں پھانسی دی گئی۔
دہشت گرد عبیداللہ کو بنوں جیل اورفورسز پرحملوں میں جرم ثابت ہونے پر 7اپریل 2015کو سزائے موت کا حکم دیا تھا۔
سہیل نامی دہشت گرد دو فوجی جونواں کی شہادت میں ملوث تھا اور اس کے قبضے سےخودکش جیکٹس بھی برآمد کی گئی تھیں، فوجی عدالت نے دہشت گرد سہیل پر جرم ثابت کرتے ہوئے 15اگست 2015کو پھانسی کی سزا سنائی تھی۔
دونوں دہشت گردوں کو اپنی بے گناہی ثابت کرنے کے لئے اپیل کا حق دیا گیا تھا تاہم عبید اللہ اورسہیل مقررہ عرصے میں اپنے بے گناہی ثابت کرنے میں ناکام رہے جس کے بعد آج ان کی سزا پرعملدرآمد کرکے انصاف کے تقاضے پورے کیے گئے۔
پاکستان کے شہرپشاورمیں دسمبر2014 میں ہونے والے سانحہ آرمی پبلک اسکول کے بعد سزائے موت پرعائد پابندی اٹھائی گئی تھی اورفوجی عدالتوں کا قیام عمل میں لایا گیا تھا۔