لندن : برطانیہ میں سنہرے مستقبل کے خواب لیے گئے دو پاکستانی نوجوان گیس لیکیج کے باعث جاں بحق ہوگئے، دونوں اسٹوڈنٹ ویزا پر برطانیہ آئے تھے۔
لندن: برطانیہ میں زیرتعلیم پاکستان کے دو نوجوان ہیٹنگ سسٹم میں گیس لیکیج کے باعث دم گھٹنے سے جاں بحق ہوگئے، افسوسناک واقعہ لندن کے علاقے سونڈن (Sondon) میں پیش آیا، جہاں 32 اور 34 سالہ دونوں نوجوان بے ہوشی کی حالت میں پائے گئے۔
جاں بحق نوجوانوں کی شناخت افضال احمد ستی اور محمد عثمان مغل کے ناموں سے ہوئی، دونوں اسٹوڈنٹ ویزا پر برطانیہ آئے تھے اور اعلیٰ تعلیم کے ساتھ بہتر مستقبل کے خواب لیے لندن میں مقیم تھے، دونوں کا تعلق راولپنڈی کے علاقے کوٹلی ستیاں سے تھا۔
فیملی ذرائع نے بتایا کہ دونوں نوجوان ہیٹنگ سسٹم سے ہونے والی گیس لیکیج کے باعث دم گھٹنے سے موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے۔
پولیس اور ایمرجنسی سروسز 11 نومبر کو جائے وقوعہ پر پہنچیں، تاہم دونوں نوجوان اس سے قبل ہی انتقال کر چکے تھے۔
جاں بحق ہونے والوں میں افضال احمد ستی دو بچوں اور اہلیہ کے ہمراہ لندن میں رہائش پذیر تھے جبکہ محمد عثمان کی چند ماہ قبل شادی ہوئی تھی۔
واقعے نے اہل علاقہ، ساتھی طلبہ اور دونوں خاندانوں کو شدید صدمے سے دوچار کر دیا ہے۔
پوسٹ مارٹم کے بعد برطانوی حکام نے میتیں ورثا کے حوالے کر دیں، دونوں نوجوانوں کی نمازِ جنازہ لندن کے علاقے الفورڈ میں ادا کی گئی، جبکہ میتیں آج پاکستان روانہ کی جائیں گی۔
پاکستانی کمیونٹی اور دوست احباب نے دونوں نوجوانوں کی ناگہانی موت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔


