کراچی: شہر قائد کے علاقے گلشن اقبال اردو یونیورسٹی کے قریب فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے گلشن اقبال اردو یونیورسٹی کے قریب فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے، پولیس کے مطابق ابتدائی طور پر واقعہ ڈکیتی مزاحمت کا لگتا ہے۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد کی شناخت وزیر احمد اور محمد ظفر کے ناموں سے ہوئی ہے، میتوں کو جناح اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق جاں بحق افراد جوہر چورنگی غوثیہ کالونی کے رہائشی اور سبزی فروش تھے، مقتولین صبح سبزی منڈی جانے کے لیے نکلے تھے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقتولین کے جسموں پر گولی کا ایک نشان ہے، جائے وقوعہ سے پستول کے خول برآمد نہیں ہوئے۔
عزیز بھٹی تھانے کے ایس ایچ او انسپکٹر عدیل افضال کا کہنا ہے کہ فوری طور پر یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ فائرنگ کس نے اور کس وجہ سے کی، ابتدائی طور پر واقعہ ڈکیتی مزاحمت کا لگتا ہے، واقعے کی تفتیش شروع کردی گئی ہے۔
واضح رہے کہ شہر میں لاک ڈاؤن کے باوجود چوری و ڈکیتی کی وارداتیں جاری ہیں، چند روز قبل گلشن اقبال مسکن چورنگی کے قریب فوڈ سینٹر کی دکان کے تالے توڑ کر ڈکیت نقدی لوٹ کر فرار ہوگئے تھے۔