کوئٹہ: بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ سرکی روڈ پر نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں 2 ٹریفک پولیس اہلکار شہید ہوگئے، جوابی کارروائی میں 2 حملہ آور مارے گئے۔
تفصیلات کے مطابق سرکی روڈ پر دونوں ٹریفک پولیس اہلکار ڈیوٹی پر موجود تھے کہ نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کردی دونوں اہلکار موقع پر ہی شہید ہوگئے، فائرنگ کے نتیجے میں 2 راہگیر بھی زخمی ہوئے۔
پولیس کے مطابق جائے وقوعہ کے قریب سے گزر رہی پولیس موبائل نے حملہ آوروں پر فائرنگ کردی جس سے دو دہشت گرد موقع پر ہلاک ہوگئے جبکہ ایک زخمی حالت میں فرار ہوگیا۔
[bs-quote quote=”فرار دہشت گرد کی اطلاع دینے والے کو 10 لاکھ روپے دئیے جائیں گے” style=”style-2″ align=”left” author_name=”ڈی آئی جی” author_job=”عبدالرزاق”][/bs-quote]
حملہ آوروں کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے راہگیروں کو فوری طور پر سول اسپتال کوئٹہ منتقل کیا گیا جہاں انہیں طبی امداد دی جارہی ہیں۔
واقعے کے بعد پولیس اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں، پولیس اور تحقیقاتی اداروں نے جائے وقوعہ سے ابتدائی شواہد اکٹھے کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔
ڈی آئی جی عبدالرزاق نے کہا کہ فیلکن اسکواڈ ذمہ داری کا مظاہرہ کرکے موقع پر پہنچا جس سے دو حملہ آور مارے گئے جبکہ فرار دہشت گرد کی اطلاع دینے والے کو 10 لاکھ روپے دئیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ چند ماہ قبل کوئٹہ سمنگلی روڈ پر نامعلوم مسلح افراد نے ڈی ایس پی حمید اللہ دستی کی گاڑی پر فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار شہید ہوگئے تھے، واقعے میں ڈی ایس پی حمید اللہ محفوظ رہے تھے۔