کراچی: شہر قائد میں رینجرز اور دہشت گردوں کے درمیان مقابلہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک اہلکار شہید جبکہ دو شدید زخمی ہوگئے تاہم ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق رینجرز کی جانب سے کراچی کے علاقے کورنگی الیاس گوٹھ میں خطرناک ٹارگٹ کلر کی اطلاع پر کارروائی کی گئ اس دوران دہشت گردوں نے اہلکاروں پر فائرنگ کردی جس کے باعث ایک اہلکار شہید اور دو شدید زخمی ہوگئے جبکہ جوابی کارروائی میں تین دہشت گرد زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے۔
ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ کراچی کے علاقے کورنگی الیاس گوٹھ میں ٹارگٹ کلر شفیق کالا اور اس کے ساتھیوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی گئی اس موقع پر ملزمان نے رینجرز کی ریکی پارٹی کو دیکھتے ہی فائرنگ کر دی اور فائرنگ کے تبادلے میں رینجرز حوالدار الیاس شہید جبکہ سپاہی ابراہیم اور امیر زخمی ہوگئے۔
لیاری میں مقابلہ: رینجرزاہلکار شہید، 3 زخمی، 5 دہشت گرد ہلاک
ترجمان کے مطابق زخمی رینجرز اہلکاروں کو سی ایم ایچ ملیر منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ ٹارگٹ کلر شفیق کالا اور اس کے ساتھی علیم الدین گرفتارہیں اور رینجرز پر فائرنگ کرنے والا ملزم شہباز عرف اسامہ کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔
علاوہ ازیں رینجرز کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس واقعے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی سخت کردی گئی، رینجرز اور پولیس کا علاقے میں مشترکہ سرچ آپریشن بھی جاری ہے۔
کراچی :لانڈھی خرم آباد میں مقابلہ، 2رینجرز اہلکار شہید
خیال رہے کہ گذشتہ ماہ کراچی کے علاقے لیاری میں رینجرز اہلکاروں اور گینگ وار کے کارندوں میں مقابلہ ہوا تھا جس کے باعث پانچ دہشت گرد ہلاک جبکہ ایک اہلکار شہید بھی ہوا تھا۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔