کراچی : سی ٹی ڈی نے کراچی میں دھماکوں اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث کالعدم تنظیم کے دو دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے کراچی میں ایک بڑی اور کامیاب کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے خطرناک ‘نعیم بخاری گروپ’ سے تعلق رکھنے والے دو انتہائی مطلوب دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا۔
سی ٹی ڈی ترجمان نے بتایا کہ یہ دہشت گرد سال 2015 سے روپوش تھے اور شہر میں دوبارہ اپنا سلیپر سیل منظم کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ گرفتار دہشت گردوں میں محمدجمیل انصاری عرف شعیب عرف چاچا اور حماد علی انصاری عرف ذرارعرف ببلو شامل ہیں۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق ملزم جمیل انصاری نے افغانستان سے آئی ای ڈی اور سرکٹ سازی کی باقاعدہ تربیت حاصل کر رکھی ہے جبکہ ملزم حماد علی انصاری خطرناک دہشت گردوں دلدار عرف چاچا اور عمران بھٹی کا انتہائی قریبی ساتھی رہا ہے۔
ترجمان سی ٹی ڈی نے کہا کہ گرفتار ملزمان کراچی میں دہشت گردی، آئی ای ڈی حملوں اور ہائی پروفائل ٹارگٹ کلنگ کی متعدد وارداتوں میں مطلوب تھے ، ملزمان کے خلاف 2013 میں کورنگی کے علاقے میں رینجرز کی موبائل پر آئی ای ڈی حملہ کرنے کا مقدمہ درج ہے۔
اس کے علاوہ ملزمان کراچی ایئرپورٹ پر ہونے والے ہولناک حملہ کیس سمیت متعدد دیگر سنگین مقدمات میں بھی پولیس کو مطلوب تھے جبکہ 2015 میں ریپڈ رسپانس فورس کے ٹرک پر موٹر سائیکل بم حملے میں ملوث ہونے کا بھی الزام ہے۔
نعیم بخاری گروپ شہر میں سرکاری افسران اور سیکیورٹی اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث رہا ہے جبلپ معروف قوال امجد صابری اور ملٹری پولیس کے اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ میں استعمال ہونے والے دہشت گردوں کے نیٹ ورک سے بھی ان ملزمان کے گہرے روابط سامنے آئے ہیں۔
سی ٹی ڈی نے ملزمان کے قبضے سے شہر کو بڑی تباہی سے بچاتے ہوئے بھاری مقدار میں بارودی مواد اور آلات برآمد کیے ہیں، جن میں 4 بارودی سلیب اور 5 ڈیٹونیٹرز ، 10 میٹر پرائما کارڈ اور ریموٹ کنٹرول ڈیوائس اور پستول کے 5 کیچرز شامل ہیں۔
سی ٹی ڈی نے ملزمان کے خلاف دہشت گردی اور اسلحہ ایکٹ کے تحت نئے مقدمات درج کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا ہے، جس میں مزید اہم انکشافات کی توقع کی جا رہی ہے۔


