بھارت کے چھتیس گڑھ کے بلاسپور ضلع میں دو ٹرینوں کے درمیان خوفناک تصادم ہوا ہے، کوربا پسنجر ٹرین جیارام نگر اسٹیشن کے قریب کھڑی مال گاڑی سے ٹکرا گئی۔ حادثے میں کم از کم 11 افراد موقع پر ہی ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دو ٹرینوں کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں زخمی ہونے والوں میں سے بیشتر کی حالت نازک بتائی جارہی ہے، جس کے باعث ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔
رپورٹس کے مطابق اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ کر نعشوں اور زخمیوں کو ٹرین سے نکال کر اسپتال منتقل کر رہی ہیں۔ امدادی کارروائیاں تاحال جاری ہیں۔
اس سے قبل بھی بھارتی ریاست مغربی بنگال کے ضلع دارجلنگ میں مال گاڑی اور ایک مسافر ٹرین آپس میں ٹکرا گئی تھیں، جس سے پندرہ افراد ہلاک اور 30 زخمی ہو گئے تھے۔
مسافر ٹرین کنچن جنگا ایکسپریس شہر اگرتلہ سے کولکتہ جا رہی تھی، کہ ایک مال گاڑی نے نیو جلپائی گوڑی کے قریب اسے زوردار ٹکر ماری، ٹکر اتنی زور دار تھی کہ مال گاڑی کی کئی بوگیاں مسافر ٹرین کے اوپر چڑھ گئیں۔
مسافر ٹرینوں میں خوفناک تصادم، متعدد ہلاک
ریلوے بورڈ نے اپنے بیان میں کہا کہ حادثہ انسانی غلطی کی وجہ سے پیش آیا ہے، ایک پریس کانفرنس میں ریل بورڈ کے چیئرمین اور سی ای او جیا ورما سنہا نے کہا کہ لوکو ڈرائیور نے سگنل کو نظر انداز کیا لیکن انھوں نے مزید کہا کہ مکمل تحقیقات کے بعد ہی اصل وجہ سامنے آئے گی۔
خیال رہے کہ بھارت میں ٹرین حادثے معمول بن چکے ہیں، جن میں سیکڑوں جانیں جا چکی ہیں۔ٰ


