ہفتہ, اگست 15, 2026
اشتہار

امریکا پاکستان کے بڑے شہر میں قونصل خانہ مستقل طور پر بند کرنے کا اعلان

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : امریکا نے پاکستان کے بڑے شہر میں قونصل خانہ مستقل طور پر بند کرنے کا اعلان کردیا اور تمام سفارتی امور اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے کے سپرد کردیے۔

تفصیلات کے مطابق امریکا نے پاکستان کے شہر پشاور میں اپنا قونصلیٹ جنرل باضابطہ طور پر بند کر دیا اور تمام سفارتی امور اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے کے تحت قائم نئے خیبرپختونخوا یونٹ کے سپرد کر دیے ہیں۔

امریکی حکومت کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ امریکی قونصل خانے پشاور کی ویب سائٹ اور سوشل میڈیا صفحات بھی غیر فعال کر دیے گئے ہیں، جبکہ آئندہ خیبرپختونخوا سے متعلق تمام معلومات اور اپ ڈیٹس امریکی سفارت خانہ اسلام آباد کے ذریعے جاری کی جائیں گی۔

اعلامیے میں مزید کہا ہے کہ قونصل خانے کی بندش کے باوجود امریکا خیبرپختونخوا کے ساتھ اپنے تعلقات برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔ اسلام آباد میں قائم نیا خیبرپختونخوا یونٹ صوبے میں امریکی سفارتی سرگرمیوں کی نگرانی جاری رکھے گا۔

امریکی سفارت خانے کے مطابق نیا یونٹ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ، سیکیورٹی تعاون کو مضبوط بنانے اور خیبرپختونخوا سمیت پاکستان بھر کے عوام کے ساتھ شراکت داری کو مزید وسعت دینے کے لیے کام کرے گا۔

امریکی سفارت خانے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ آئندہ تمام معلومات اور سفارتی سرگرمیوں سے متعلق اپ ڈیٹس کے لیے اس کے سرکاری ویب سائٹ اور فیس بک، انسٹاگرام اور ایکس (سابقہ ٹوئٹر) اکاؤنٹس سے رجوع کریں۔

امریکی اعلامیے کے مطابق اس اقدام کا مقصد پاکستان میں امریکی سفارتی سرگرمیوں کو اسلام آباد میں مزید مؤثر انداز میں یکجا کرنا ہے، جبکہ خیبرپختونخوا کے ساتھ رابطے نئے قائم کردہ یونٹ کے ذریعے بدستور جاری رہیں گے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں