دبئی : متحدہ عرب امارات کی فضائی حدود میں فضائی آمدورفت معمول پر آگئی تاہم فضائی نیویگیشن کی مسلسل نگرانی جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ملک بھر میں فضائی آمد و رفت مکمل طور پر معمول پر آنے کا اعلان کر دیا ہے۔
یہ فیصلہ سیکیورٹی صورتحال کا جامع جائزہ لینے اور عارضی احتیاطی اقدامات کی مدت ختم ہونے کے بعد کیا گیا۔
گزشتہ چند گھنٹوں کے دوران یو اے ای کے فضائی دفاعی نظام نے ایرانی میزائل اور ڈرون حملوں کے خلاف بھرپور اور کامیاب کارروائی کی، اماراتی وزارتِ دفاع کے مطابق، دفاعی نظام نے بیلسٹک میزائلوں کو فضا میں ہی تباہ کر دیا۔
وزارتِ دفاع کا کہنا تھا کہ اماراتی لڑاکا طیاروں نے ڈرونز اور کروز میزائلوں کو کامیابی سے نشانہ بنایا اور واضح کیا ہے کہ مختلف علاقوں میں سنائی دینے والی دھماکوں کی آوازیں دفاعی نظام کی کارروائی کا نتیجہ تھیں، شہریوں کو گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی نے تصدیق کی ہے کہ عارضی بندش کے بعد اب تمام پروازوں کے لیے فضائی نیویگیشن بحال کر دی گئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ فضائی حدود کی مسلسل نگرانی جاری ہے اور تمام تکنیکی و آپریشنل ٹیمیں کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہائی الرٹ ہیں۔
اتھارٹی نے پروازوں کی معطلی کے دوران تعاون کرنے پر مسافروں اور تمام ایئرلائنز کا شکریہ ادا کیا ہے۔
دبئی حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ افواہوں پر توجہ نہ دیں اور معلومات کے لیے صرف سرکاری ذرائع پر انحصار کریں۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


