تازہ ترین

اماراتی فضائی کمپنی کا شام کےلیے فلائیٹ آپریشن بحال کرنے کا اشارہ

ابو ظبی : اماراتی فضائی کمپنی نے آٹھ سال بعد خانہ جنگی کا شکار ملک شام کےلیے فلائیٹ آپریشن دوبارہ بحال کرنے کا اشارہ دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی کی سرکاری فلائی کمپنی ’فلائی دبئی‘ نے کئی برسوں سے خانہ جنگی کا شکار ملک شام کے ساتھ فضائی رابطوں کےلیے کام شروع کردیا ہے۔

فلائی کمپنی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کمپنی شام کے لیے فضائی آپریشن شروع کرنے کے لیے تیار ہے، کمرشل پروازوں کی بحالی کےلیے جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی کے احکامات کا انتظار ہے۔

عرب خبر رساں ادارے کے مطابق ترجمان کا کہنا ہے کہ مستقبل قریب میں دبئی کی سرکاری فضائی کمپنی شام کے دارالحکومت دمشق کےلیے اپنا فلائیٹ آپریشن دوبارہ شروع کردے گی۔

خیال رہے کہ سنہ 2011 میں شام میں عوامی بغاوت اور خانہ جنگی کے باعث فلائی دبئی نے شام کے ساتھ فلائیٹ آپریشن معطل کردیا تھا۔

مزید پڑھیں : عرب لیگ شامی بحران کے موثر سیاسی حل پر متفق ہیں، اماراتی وزیر خارجہ

یاد رہے کہ دسمبر 2018 میں انور محمود قرقاش نے شام سے متعلق کہا تھا کہ تمام عرب ممالک شام کے بحران سے نمٹنے کےلیے موثر سیاسی حل پر متفق ہیں، عرب لیگ کی دمشق کے ساتھ رابطوں کی بحالی ایرانی مداخلت کے لیے میدان نہیں چھوڑے گی۔

اماراتی وزیر برائے خارجہ امور انور قرقاش نے کہا کہ متحدہ عرب امارات نے شام میں سفارتی مشن کا دوبارہ آغاز دانشمندی سے کیا ہے، شام کی بدلتی صورتحال مستقبل میں عرب سے رابطوں کو ناگزیر کردے گی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ تمام عرب ممالک شامی شہریوں میں وحدت اور دمشق کی خود مختاری چاہتے ہیں۔

Comments

- Advertisement -