دبئی : یو اے ای میں ملازمتوں کے خواہش مندوں کے لیے خوشخبری آگئی ، سیاحتی شعبے میں ڈھائی لاکھ سے زائد نئے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔
تفصیلات کے مبابق متحدہ عرب امارات (UAE) کے شعبہ سیاحت میں اگلے چند سالوں کے دوران نوکریوں کی بڑی پیشرفت سامنے آنے کی توقع ہے۔
ورلڈ ٹریول اینڈ ٹورزم کونسل کی جانب سے کہا گیا کہ 2036 تک اماراتی سیاحت کے شعبے میں 2,500,000 (ڈھائی لاکھ) سے زائد نئے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔
اگرچہ موجودہ چیلنجز کے باعث 2026 کے دوران سیاحتی شعبے میں تقریباً 46,000 نوکریوں میں عارضی کمی کی توقع ہے، تاہم طویل مدتی اقتصادی نقطہ نظر انتہائی مثبت ہے۔
دبئی، ابوظہبی اور رأس الخیمہ میں نئے ہوٹلوں اور میگا پروجیکٹس کی تعمیر کا کام تیزی سے جاری ہے، جو مستقبل کی اس نمو کو سہارا دے رہے ہیں۔
مشرق وسطیٰ کے خطے کے سفری اور سیاحتی شعبے میں 2036 تک سالانہ 6.3 فیصد کی شرح سے اضافہ متوقع ہے، جس سے ملازمین اور کاروباری افراد کے لیے روزگار کے نئے دروازے کھلیں گے۔
نئے منصوبوں کے ساتھ ہوٹلنگ، مہمان نوازی، ٹرانسپورٹ، ایونٹس اور ٹریول سروسز جیسے شعبوں میں مختلف نوعیت کی ملازمتیں پیدا ہونے کی گنجائش ہے، اس کا مطلب صرف روایتی ٹورازم ملازمتوں تک محدود نہیں بلکہ انتظامی، ٹیکنالوجی، مارکیٹنگ اور کسٹمر سروس سے متعلق مواقع بھی بڑھ سکتے ہیں۔
یہ رفتار امارات کو عالمی سیاحتی مرکز کے طور پر مزید مضبوط کرنے کے ساتھ ساتھ مقامی اور غیر ملکی کارکنوں کے لیے نئے مواقع پیدا کر سکتی ہے۔


